امریکی خلائی ادارے ناسا نے چاند پر انسانوں کے مستقل اڈے کے قیام کے لیے ایک ملین ڈالر کا ’’مون بیس اسٹوڈنٹ چیلنج‘‘ شروع کر دیا ہے، جس میں امریکا بھر کے ہائی اسکولوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے طلبہ کی ٹیمیں حصہ لے سکیں گی۔
اس مقابلے کے تحت طلبہ کو چاند پر ناسا کے مجوزہ مستقل اڈے کے لیے جدید اور منفرد ڈیزائن تیار کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ شرکا کو چاند پر انسانی زندگی ممکن بنانے سے متعلق درپیش عملی مشکلات کے حل بھی پیش کرنا ہوں گے۔
ناسا نے اس مقابلے کا اعلان ریاست فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر وزیٹر کمپلیکس میں منعقدہ ’’میکس پاور‘‘ ایونٹ کے دوران کیا۔ یہ اقدام ادارے کے ’’گولڈن ایج آف سائنس‘‘ منصوبے کا حصہ ہے۔
ناسا کے مطابق اس چیلنج کا بنیادی مقصد نوجوانوں کی سائنسی، تخلیقی اور تحقیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور انہیں خلائی تحقیق کے میدان میں جدید خیالات پیش کرنے کی ترغیب دینا ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ اس مقابلے کے ذریعے نوجوانوں کو چاند پر انسانوں کی مستقل موجودگی ممکن بنانے کے لیے قابلِ عمل منصوبے اور جدید حل پیش کرنے کا موقع ملے گا۔







