خواجہ آصف کی ملک میں 12 نئے انتظامی یونٹس بنانے کی تجویز، اختیارات صوبائی دارالحکومتوں سے منتقل کرنے پر زور

0

سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ملک کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان میں نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کی تجویز گزشتہ دو ماہ سے زیر بحث ہے۔ ان کے خیال میں ملک میں 12 انتظامی یونٹس قائم کیے جا سکتے ہیں، تاہم ان کی تشکیل میں زبان، نسل یا سیاسی مفادات کو بنیاد نہیں بنانا چاہیے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے، اس لیے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتظامی اختیارات کی منصفانہ تقسیم ضروری ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں صوبوں کی تعداد 8 سے 10 سے بڑھا کر 30 سے 32 تک کر دی گئی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ صوبائی دارالحکومتوں میں مرکوز اختیارات دیگر انتظامی یونٹس کو منتقل ہونے چاہییں تاکہ لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں اختیارات کا ارتکاز ختم کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاق کی جانب سے صوبوں کو منتقل کیے جانے والے فنڈز صوبائی حکومتوں کے اختیار میں رہ جاتے ہیں، حالانکہ ان وسائل کا اصل مقصد بلدیاتی اداروں کے ذریعے عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔

وزیر دفاع کے مطابق سیاست دانوں کو اس حقیقت کو تسلیم کرنا چاہیے کہ اقتدار اور اختیارات عوام کی امانت ہیں، لیکن بدقسمتی سے سیاست دان عموماً تمام اختیارات اپنے ہاتھوں میں رکھنے کے خواہش مند ہوتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں