پشاور: رنگ روڈ پشاور پر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے صوبائی سیکرٹریٹ اور مفتی محمود مرکز کے بعض حصوں کے تجاوزات کی زد میں آنے اور اضافی تعمیرات مسمار کیے جانے کے خدشے کے پیش نظر تنظیم انصارالسلام کے رضاکاروں نے مرکز کی سیکیورٹی سنبھال لی ہے۔
اطلاعات کے مطابق جے یو آئی کے رہنما بھی مفتی محمود مرکز میں موجود رہنے لگے ہیں تاکہ تجاوزات کے خلاف ممکنہ آپریشن کے دوران کسی ناخوشگوار صورت حال سے نمٹا جا سکے۔
گورنر راج کے نفاذ کے بعد پشاور میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران رنگ روڈ پر متعدد تعمیرات مسمار کی جا چکی ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ مفتی محمود مرکز کا سامنے والا حصہ بھی تجاوزات کی زد میں آ سکتا ہے۔
گزشتہ روز پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جے یو آئی کے اطراف میں نشانات لگائے گئے، تاہم مفتی محمود مرکز پر نشانات نہیں لگائے گئے۔
ممکنہ آپریشن کے خدشے کے پیش نظر جے یو آئی کی صوبائی قیادت نے مرکز کی سیکیورٹی انصارالسلام کے رضاکاروں کے حوالے کر دی ہے، جنہوں نے مرکز کے گرد حفاظتی حصار قائم کر لیا ہے۔







