مریم نواز کو سپر سی ایم کہنا پڑے گا، مخالفین حسد کرنے کے بجائے محنت کریں، مریم اورنگزیب

0

راولپنڈی: پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عوام اور ان کے بچوں کے مستقبل کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں۔ مریم نواز کہتی ہیں کہ عوام کے لیے آسمان سے تارے بھی توڑ کر لاؤں گی، ایسی وزیراعلیٰ کو سپر سی ایم کہنا پڑے گا۔ مخالفین کو پیغام ہے کہ حسد نہ کریں، محنت کریں، مریم نواز کے منصوبوں سے آگے نکل سکتے ہیں تو نکلیں، ورنہ برداشت کریں۔

مسلم لیگ ن یوتھ کے زیر اہتمام سوشل میڈیا کنونشن میں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں سمیت نوجوان کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ترقیاتی منصوبوں اور حکومتی اقدامات کو اجاگر کیا گیا۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ مریم نواز نے سوشل میڈیا کا جو پودا لگایا تھا وہ آج تناور درخت بن چکا ہے اور مسلم لیگ ن کے سوشل میڈیا کارکن بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک سیاسی کارکن کی حیثیت سے اپنی قائد مریم نواز کے استقبال کے لیے آئی ہیں اور پنجاب کے عوام خوش قسمت ہیں کہ انہیں مریم نواز جیسی وزیراعلیٰ ملی ہیں۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو عوام کی ادویات، گھروں، اسکولوں، اسپتالوں اور صفائی ستھرائی کی فکر ہے۔ ان کے مطابق مخالفین مریم نواز کی کارکردگی کا مقابلہ نہیں کر پا رہے، اسی لیے تنقید کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آٹھ ہزار بچوں کو اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 24 تاریخ کو دوپہر ایک بجے راولپنڈی کی سڑکوں پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا تاریخی استقبال کیا جائے گا اور انہیں اصلی سونے کا تاج پہنایا جائے گا، جس کی رسید بھی فراہم کی جائے گی۔

حنیف عباسی نے کہا کہ سوشل میڈیا کنونشن کے لیے نوجوانوں کو کوئی فنڈنگ نہیں دی گئی بلکہ انہوں نے اپنے جوش و جذبے سے بھرپور شرکت کرکے حیران کر دیا۔ نوجوانوں کے اسی جذبے کو دیکھتے ہوئے انہوں نے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے تقریب میں شرکت کی درخواست کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کی قیادت میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان کے مطابق پنجاب حکومت نے ریلوے کے شعبے میں 15 سے 16 ارب روپے کے منصوبے دیے ہیں، جو ریلوے کی تاریخ میں اہم سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے ریلوے کراسنگز پر پھاٹکوں کی تنصیب اور ریلوے اسٹیشنوں کی تزئین و آرائش کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔

حنیف عباسی نے بتایا کہ راولپنڈی میں 400 بستروں پر مشتمل اسپتال جون 2027 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ راولپنڈی میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے تحت 12 سے 14 مریضوں کے گردے اور جگر کے ٹرانسپلانٹ مفت کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں صفائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں نمایاں اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ستھرا پنجاب پروگرام اپنی شناخت بنا رہا ہے جبکہ ٹرانسپورٹ کے نئے منصوبوں سے شہریوں کو سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے نوجوان کارکن 24 تاریخ کو وزیراعلیٰ پنجاب کے استقبال کے لیے مقررہ روٹ پر موجود ہوں گے اور راولپنڈی میں مریم نواز کا بھرپور استقبال کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں