اوسلو، ناروے (انعام الحق سیٹھی): ناروے میں طویل عرصے سے دینی، تعلیمی اور سماجی خدمات انجام دینے والے ممتاز عالمِ دین، شفیق استاد اور اسلامک کلچرل سینٹر ناروے کے سابق امام و خطیب حضرت مولانا حافظ محبوب الرحمٰن کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے شاگردِ خاص انعام الحق سیٹھی آف لالہ موسیٰ نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی ہے










مولانا حافظ محبوب الرحمٰن 1950ء میں ضلع مانسہرہ کی تحصیل اوگی کے گاؤں سرائے ڈنڈا خولیاں میں ایک دیندار گھرانے میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی دینی تعلیم اور حفظِ قرآن مدرسہ احمد المدارس سکندرپور ہری پور سے مکمل کیا، جبکہ بعد ازاں مدرسہ عربیہ اشاعۃ العلوم فیصل آباد سے درسِ نظامی کی تعلیم حاصل کرکے سندِ فراغت حاصل کی۔
مولانا حافظ محبوب الرحمٰن 19 جنوری 1985ء کو ناروے تشریف لائے اور اوسلو میں اسلامک کلچرل سینٹر ناروے کے امام و خطیب کی حیثیت سے اپنی دینی خدمات کا آغاز کیا۔ انہوں نے تقریباً 31 سال تک امامت، خطابت، قرآن و حدیث کی تعلیم اور مسلم کمیونٹی کی دینی و اخلاقی رہنمائی کے فرائض نہایت خلوص اور محنت سے انجام دیے اور 2016ء میں اس ذمہ داری سے سبکدوش ہوئے۔
ریٹائرمنٹ کے بعد بھی انہوں نے خدمتِ دین کا سلسلہ جاری رکھا اور 2018ء میں رحمانیہ مسجد روہولت کی بنیاد رکھی، جہاں وہ آج بھی دینی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس مسجد کے قیام اور تعمیر میں چوہدری پرویز اختر آف چنڈالہ کا خصوصی تعاون بھی قابلِ ذکر ہے۔
مولانا حافظ محبوب الرحمٰن کے پانچ صاحبزادے ہیں جو اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے دینی خدمات میں حصہ لے رہے ہیں۔ ناروے میں مولانا صاحب کو نہ صرف مذہبی بلکہ سماجی اور فلاحی حلقوں میں بھی انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
انہوں نے تحریکِ کشمیر ناروے، الخدمت یورپ، غزالی فیڈریشن، آغوش، الفلاح اسکالرشپ اور دیگر فلاحی سرگرمیوں میں بھی بھرپور تعاون کیا ہے۔ ناروے کے مرکزی ٹریفک اسٹیشن کے ہیڈ آفس میں سیٹ بیلٹ اور عوامی تحفظ سے متعلق آگاہی پیغام کے ساتھ ان کی تصویر کی نمایاں موجودگی بھی کمیونٹی کے لیے باعثِ فخر قرار دی گئی ہے۔
مولانا صاحب کے شاگردِ خاص انعام الحق سیٹھی نے اپنے استاد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ استاد صرف علم دینے والا نہیں بلکہ کردار سازی، اخلاقی تربیت اور زندگی میں درست راستہ دکھانے والا عظیم محسن ہوتا ہے۔ مولانا حافظ محبوب الرحمٰن نے اپنے شاگردوں کو دینی تعلیم کے ساتھ زندگی گزارنے کا سلیقہ، انسانیت سے محبت اور معاشرے کی خدمت کا درس بھی دیا۔
انعام الحق سیٹھی نے کہا کہ مولانا صاحب کی شفقت، محبت، دعائیں اور احسانات ان کے لیے ہمیشہ قیمتی سرمایہ رہیں گے۔ ایسے اساتذہ معاشرے کا حقیقی اثاثہ ہوتے ہیں جن کی تعلیم و تربیت سے نسلیں علم اور کردار کی روشنی حاصل کرتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مولانا حافظ محبوب الرحمٰن گزشتہ دو ماہ سے علیل ہیں اور تمام دوستوں، احباب، شاگردوں اور ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔
انعام الحق سیٹھی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مولانا حافظ محبوب الرحمٰن کو شفائے کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے، انہیں صحت و سلامتی اور عمرِ بابرکت نصیب کرے اور ان کی تمام دینی، تعلیمی اور سماجی خدمات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مولانا حافظ محبوب الرحمٰن جیسے مخلص اور باکردار اساتذہ کی خدمات آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ان کی دینی و سماجی خدمات ہمیشہ عزت و احترام سے یاد رکھی جائیں گی۔
انعام الحق سیٹھی آف لالہ موسیٰ نے اپنے استاد کے نام محبت بھرا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ استادِ محترم، آپ کی عظمت کو سلام، آپ کی شفقت کو سلام اور دین و انسانیت کے لیے آپ کی بے لوث خدمات کو سلام۔






