چین کے خفیہ خلائی طیارے شین لونگ (Shenlong) کی پہلی واضح سیٹلائٹ تصویر سامنے آگئی ہے، جس میں یہ ایک دوسرے خلائی جہاز کے ساتھ منسلک دکھائی دے رہا ہے جبکہ اس کے شمسی پینل بھی کھلے ہوئے ہیں۔
امریکی دفاعی انٹیلی جنس ایجنسی کی جاری کردہ رپورٹ میں شامل یہ تصویر 2024 میں امریکی کمپنی میکسار کے ایک مصنوعی سیارے نے تقریباً 90 کلومیٹر کے فاصلے سے حاصل کی تھی۔ تصویر میں خلائی طیارے کی ساخت اور مختلف حصوں کی تفصیلات واضح طور پر دیکھی جاسکتی ہیں۔
شین لونگ، جس کا مطلب خدائی اژدہا ہے، ایک خودکار اور دوبارہ استعمال کے قابل خلائی طیارہ ہے۔ اسے راکٹ کے ذریعے خلا میں بھیجا جاتا ہے اور مشن مکمل ہونے کے بعد یہ عام ہوائی جہاز کی طرح زمین پر اترنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سیٹلائٹ تصویر میں طیارے کے پچھلے حصے میں سامان رکھنے کا دروازہ کھلا دکھائی دیتا ہے جبکہ اس کے شمسی پینل بھی نصب ہیں۔ امریکی رپورٹ کے مطابق یہ خلائی طیارہ خلا میں مختلف اشیا بھیجنے، ان کی آزمائش کرنے اور انہیں واپس زمین پر لانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شین لونگ اپنے سابقہ خلائی مشنز کے دوران کئی نامعلوم اشیا خلا میں چھوڑ چکا ہے، تاہم ان اشیا کی اصل نوعیت اور مقاصد کے بارے میں واضح معلومات سامنے نہیں آسکیں۔
ماہرین کے مطابق شین لونگ کا ڈیزائن امریکی خلائی فوج کے بوئنگ ساختہ خفیہ خلائی طیارے ایکس 37 بی (X-37B) سے کافی مشابہت رکھتا ہے۔
چین نے تاحال شین لونگ کی کوئی سرکاری تصویر جاری نہیں کی اور نہ ہی اس کے خلائی مشنز کی مکمل تفصیلات فراہم کی ہیں۔ اس کا چوتھا خلائی مشن 7 فروری 2026 کو شروع ہوا تھا۔







