اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں چین کے شین زو-24 خلائی جہاز کی لانچنگ مشق کامیابی سے مکمل کرلی گئی ہے۔ اس خلائی مشن کے ذریعے تربیت مکمل کرنے کے بعد ایک پاکستانی خلاباز کو بھی خلا میں بھیجنے کا منصوبہ ہے۔
شمال مغربی چین میں واقع جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر پر شین زو-24 خلائی جہاز کی لانچنگ ڈرل کامیابی سے انجام دی گئی۔ پرواز سے قبل کی اس مشترکہ مشق میں تینوں خلا بازوں نے حصہ لیا اور تمام ضروری آپریشنز درست طریقے سے مکمل کیے۔
چائنا آسٹروناٹ ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر کی عہدیدار زو لو نے بتایا کہ مشق کے دوران تینوں خلا باز مکمل طور پر پُرعزم اور تیار دکھائی دیے۔ انہوں نے تمام تکنیکی مراحل اور آپریشنز کامیابی سے انجام دیے، جو خلائی مشن کی تیاریوں میں ایک اہم مرحلہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی خلاباز کو ضروری تربیت مکمل کرنے کے بعد چین کے شین زو-24 خلائی جہاز کے ذریعے خلا میں بھیجنے کا منصوبہ ہے۔ اس اقدام کو پاکستان اور چین کے درمیان سائنسی اور خلائی تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستانی خلاباز کی مجوزہ خلائی پرواز دونوں ممالک کے درمیان خلائی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کی عکاسی کرتی ہے۔ اس منصوبے سے پاکستان کے خلائی شعبے میں نئی پیش رفت کی توقع کی جا رہی ہے۔
پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی اور مختلف شعبوں میں تعاون کے بعد اب خلائی تحقیق بھی مشترکہ دلچسپی کا اہم میدان بن رہی ہے۔ شین زو-24 کی کامیاب لانچنگ مشق کو اسی تعاون کے تسلسل میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
پاک چین دوستی اب زمین کی حدود سے آگے بڑھ کر خلا کی وسعتوں تک پہنچنے کی جانب گامزن ہے، جبکہ پاکستانی خلاباز کی مجوزہ خلائی پرواز دونوں ممالک کے سائنسی تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوسکتی ہے۔







