نظامِ شمسی میں ممکنہ طور پر نیا بڑا بونا سیارہ دریافت، ماہرینِ فلکیات حیران

0

نظامِ شمسی میں ایک بہت بڑا ممکنہ بونا سیارہ دریافت کیا گیا ہے، جس نے ماہرینِ فلکیات کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق اس خلائی جرم کا قطر 370 سے 930 میل کے درمیان ہوسکتا ہے، جس کی وجہ سے یہ نظامِ شمسی کے بڑے بونے سیاروں میں شامل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس ممکنہ بونے سیارے کو عارضی طور پر 2026 ای ڈی 183 کا نام دیا گیا ہے۔ اگر اس کی جسامت اور دیگر خصوصیات کی تصدیق کے بعد اسے باضابطہ طور پر بونا سیارہ قرار دیا گیا تو اسے یونانی نام دیا جاسکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر اس کا قطر 930 میل ثابت ہوا تو یہ برطانیہ کی لمبائی سے بھی زیادہ چوڑا ہوگا۔ اس دریافت کے بعد یہ سیرس، پلوٹو، ہاؤمیا، میک میک اور ایریس جیسے معروف بونے سیاروں کی فہرست میں شامل ہوسکتا ہے۔

یہ اہم دریافت چلی میں تقریباً 8 ہزار 800 فٹ بلند پہاڑ کی چوٹی پر نصب جدید ویرا سی روبن ٹیلی اسکوپ کی مدد سے ممکن ہوئی۔

ماہرِ فلکیات میتھیو ہولمین نے 2026 میں اس دوربین سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کا تجزیہ کرنے کے لیے ایک جدید کمپیوٹر پروگرام استعمال کیا۔ یہ پروگرام اربوں حرکت کرتے خلائی اجسام کا جائزہ لے رہا تھا کہ اسی دوران اس کی نظر 2026 ای ڈی 183 پر پڑی اور ممکنہ نئے بونے سیارے کی موجودگی سامنے آگئی۔

ماہرینِ فلکیات اب اس خلائی جرم کی جسامت اور دیگر خصوصیات کا مزید جائزہ لے رہے ہیں تاکہ اس کی درجہ بندی اور نظامِ شمسی میں حیثیت کا تعین کیا جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں