مارٹنیک: کیریبین کے جزیرے مارٹنیک میں موجود ماؤنٹ پیلے آتش فشاں کے قریب زیرِ زمین سرگرمی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد ماہرین نے آتش فشاں کی نگرانی مزید بڑھا دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق 24 سے 31 جولائی کے دوران ماؤنٹ پیلے کے اطراف 124 آتش فشانی زلزلے ریکارڈ کیے گئے، جبکہ اس سے پہلے والے ہفتے میں یہ تعداد 45 تھی۔
جولائی کے دوران آتش فشاں کے علاقے میں مجموعی طور پر 331 زلزلے ریکارڈ کیے گئے۔ ماہرین کے مطابق زمین کے اندر موجود میگما جب چٹانوں پر دباؤ ڈالتا ہے تو اس کے نتیجے میں اس نوعیت کے زلزلے پیدا ہوسکتے ہیں۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ زلزلوں کی تعداد میں اضافہ لازمی طور پر آتش فشاں کے پھٹنے کی نشانی نہیں ہوتا۔ موجودہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کا بروقت پتہ چل سکے۔
ماؤنٹ پیلے کی تاریخ انتہائی خوفناک واقعے سے جڑی ہوئی ہے۔ 1902 میں اس آتش فشاں کے شدید پھٹنے کے نتیجے میں گرم گیسوں، راکھ اور آتش فشانی مواد نے قریبی علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔
اس تباہی میں تقریباً 30 ہزار افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، جس کے بعد ماؤنٹ پیلے دنیا کے خطرناک آتش فشاں میں شمار ہونے لگا۔
ماہرین کے مطابق اگر مستقبل میں آتش فشاں کی سرگرمی میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے تو راکھ اور خطرناک گیسوں کے اخراج سے شمالی مارٹنیک متاثر ہوسکتا ہے۔ آتش فشانی راکھ فضا میں پھیلنے کی صورت میں کیریبین کے فضائی سفر میں بھی مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔
فی الحال ماہرین ماؤنٹ پیلے کے گرد ہونے والی زلزلہ خیزی اور دیگر تبدیلیوں کو مسلسل مانیٹر کررہے ہیں۔
PakNorwayNews. کے مطابق موجودہ صورتحال تشویش کا باعث ضرور ہے، تاہم صرف زلزلوں میں اضافے کی بنیاد پر بڑے آتش فشانی دھماکے کی پیش گوئی نہیں کی جاسکتی۔







