ہمیں بھولنا نہیں چاہیے,,,,,, ہولملیا قتل کیس: نسل پرستی کے خلاف ایک دائمی چیخ The Holmlia Murder – Oslo, Norway

0

26 جنوری 2001 کی سرد رات، اوسلو کے علاقے ہولملیا Holmlia میں، ناروے کی تاریخ کا ایک ایسا سیاہ باب رقم ہوا جس نے پورے معاشرے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ صرف پندرہ سالہ بینجمن ہرمینسن BENJAMIN Hermansen
—جس کی ماں نارویجین اور والد گھانا سے تعلق رکھتے تھے—محض اپنی جلد کے رنگ کی وجہ سے بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔

بینجمن ایک دوست کے ساتھ قریبی دکان کے باہر کھڑا باتیں کر رہا تھا کہ اچانک ایک گاڑی رکی۔ دو نوجوان باہر نکلے اور ان کی طرف دوڑ پڑے۔ دونوں دوست جان بچانے کی کوشش میں بھاگے، مگر بینجمن کو پکڑ لیا گیا۔ چاقو کے وار نے ایک معصوم زندگی چھین لی—ایک ایسی زندگی جس کا واحد “قصور” یہ تھا کہ وہ مختلف دکھائی دیتا تھا۔
یہ قتل کوئی اتفاقی تشدد نہیں تھا بلکہ نسل پرستی سے جنم لینے والا جرم تھا۔ تحقیقات اور عدالتی کارروائی کے بعد ثابت ہوا کہ یہ حملہ منظم نفرت کا نتیجہ تھا۔

Ole Nicolai Kvisler
اولے نیکولائی کوِسلر،
اور
Joe Erling Jahr

جو ایرلنگ یار اور ایک 17 سالہ لڑکی کو اس جرم میں سزا سنائی گئی—بالترتیب 18، 17 اور 3 سال قید۔ یہ سزائیں قانون کا تقاضا تھیں، مگر کیا وہ ایک ماں کا بیٹا واپس لا سکتی تھیں؟

بینجمن ہرمینسن کا قتل ناروے جیسے امن پسند اور مساوات کے دعوے دار ملک کے لیے ایک شدید صدمہ تھا۔ پورے ملک میں (مشعل بردار جلوس) نکالے گئے۔ خاص طور پر اوسلو میں یکم فروری 2001 کو تقریباً 40 ہزار افراد سڑکوں پر نکل آئے—یہ محض احتجاج نہیں تھا بلکہ اس عزم کا اظہار تھا کہ نفرت کو یہاں قبول نہیں کیا جائے گا۔
6 فروری 2001 کو بینجمن کو سپردِ خاک کیا گیا، مگر اس کی یاد کو دفن نہیں ہونے دیا گیا۔

یکم نومبر 2002 کو اسی جگہ ایک (مجسمہ) نصب کیا گیا جہاں وہ قتل ہوا تھا، جس پر لکھا ہے: “Glem ikke” — “بھولنا مت”۔

یہ الفاظ صرف پتھر پر کندہ نہیں، بلکہ ایک اجتماعی ذمہ داری کا اعلان ہیں۔

2011 میں، قتل کی دسویں برسی پر، پانچ ہزار سے زائد افراد نے ینگس تورگ
Youngstorget

سے ,مشل بردار جلوس
میں شرکت کی۔
اُس وقت کے وزیر اعظم
Jens Stoltenberg
کی تقریر نے ایک بار پھر یاد دلایا کہ نسل پرستی کے خلاف خاموشی بھی جرم بن جاتی ہے۔
بینجمن کی یاد کو زندہ رکھنے کے لیے 2002 میں بینجمن پرائز کا آغاز کیا گیا—یہ ان اسکولوں کو دیا جاتا ہے جو نسل پرستی اور امتیاز کے خلاف عملی جدوجہد کرتے ہیں۔

29 اکتوبر 2021 کو ہولملیا کی لائبریری میں ایک خصوصی کمرہ بینجمن کے نام سے منسوب کیا گیا—علم، یادداشت اور شعور کی علامت کے طور پر۔
بینجمن ہرمینسن کی کہانی ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ نسل پرستی کوئی ماضی کا مسئلہ نہیں، بلکہ ایک زندہ خطرہ ہے۔ یہ ہمیں یاد دلاتی ہے کہ جمہوریت اور مساوات صرف نعروں سے نہیں، بلکہ مسلسل عمل اور جرات مندانہ مؤقف سے زندہ رہتی ہیں۔
ہمیں بھولنا نہیں چاہیے۔

نہ بینجمن کو، نہ اس ناانصافی کو—اور نہ اپنی ذمہ داری کو۔

تحریر: شاہد جمیل
29, جنوری 2026

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں