ادب پر سوشل میڈیا کے

0

سوشل میڈیا نے ہماری زندگی کے تقریباً ہر ایک شعبے کو متاثر کیا ہے اور ادب بھی اس کے اثرات سے محفوظ نہیں رہ سکا۔ فیس بک، انسٹاگرام، یوٹیوب، ٹک ٹاک اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نے نہ صرف لکھنے، پڑھنے اور اظہار کے طریقوں کو بدل دیا ہے بلکہ تخلیق کو قارئین تک پہنچانے کے روایتی طریقوں میں بھی بنیادی تبدیلی پیدا کی ہے۔

اردو ادب کے لیے یہ تبدیلی اس لیے بھی خاص اہمیت کی حامل ہے کہ اردو زبان و ادب سے وابستہ افراد آج دنیا کے مختلف خطوں میں آباد ہیں۔ یہ پاکستان اور ہندوستان سے لے کر مشرق وسطیٰ، یورپ، کینیڈا، امریکہ اور دنیا کے دیگر ممالک تک پھیلے ہوئے ہیں۔ اب لاہور، کراچی، دہلی یا لکھنؤ میں ہونے والی ایک ادبی محفل میں اوسلو، لندن یا ٹورنٹو میں بیٹھا ہوا ایک شخص براہ راست شامل ہو سکتا ہے۔ اسی طرح بیرون ملک تخلیق ہونے والا ادب بھی جغرافیائی فاصلے کا پابند نہیں رہا۔ یوں سوشل میڈیا نے فاصلے سمیٹ کر ادب کی جغرافیائی سرحدوں کو ختم دیا ہے۔

سوشل میڈیا خصوصاً نئی نسل کو ادب سے متعارف کرانے کا ایک موثر ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ایسے نوجوان جو عموماً ادبی رسائل یا کتابوں کی طرف متوجہ نہیں ہوتے، وہ کسی شعر، مختصر نظم، آڈیو، ویڈیو یا ادبی اقتباس کے ذریعے غالب، اقبال، فیض، منٹو یا دیگر ادیبوں اور شاعروں کی تخلیقات سے آشنا ہو سکتے ہیں۔ بعض اوقات کسی ایک شعر، مختصر ویڈیو یا اقتباس سے پیدا ہونے والی دلچسپی قاری کو اصل تخلیق اور بالآخر کتاب تک لے جاتی ہے۔ اگر سوشل میڈیا پر ہونے والا یہ ابتدائی تعارف مطالعے کی جستجو میں بدل جائے تو یہ ڈیجیٹل دنیا نئی نسل اور ادب کے درمیان ایک پل کا کام کر سکتی ہے۔

ایک زمانہ تھا جب کسی شاعر یا ادیب کو اپنی تخلیق قارئین تک پہنچانے کے لیے رسائل، اخبارات، ادبی جرائد، ناشرین اور ادبی محافل کا سہارا لینا پڑتا تھا۔ تخلیق اور قاری کے درمیان ایک طویل فاصلہ اور کئی مراحل حائل ہوتے تھے لیکن آج صورت حال یکسر بدل چکی ہے۔ آج کسی دور افتادہ علاقے میں رہنے والا ایک نوجوان شاعر یا ادیب بھی اپنی شاعری یا تحریر کو چند لمحوں میں ہزاروں بلکہ لاکھوں افراد تک پہنچا سکتا ہے۔ اب لفظ پہلے سے کہیں زیادہ تیزی سے سفر کرتا ہے۔ سوشل میڈیا کا شاید سب سے اہم پہلو یہی ہے کہ اس نے اظہار کو فروغ دیا ہے اور اسے عام آدمی کی دسترس میں لے آیا ہے۔

تاہم اظہار کی یہ وسعت جہاں ادب کے لیے نئے امکانات کی نوید ہے، وہیں یہ ادبی معیار، مقبولیت اور تخلیقی قدر کے حوالے سے کئی اہم اور بنیادی سوالات کو بھی جنم دیتی ہے۔

سوشل میڈیا کے اس دور میں یہ فرق سمجھنا اشد ضروری ہے کہ مقبولیت اور ادبی معیار دو مختلف چیزیں ہیں۔ سوشل میڈیا کی دنیا لائکس، شیئرز، ویوز اور فالوورز کے اعداد و شمار کے گرد گھومتی ہے۔ یہاں جو مواد مختصر، سطحی اور جذباتی ہو، وہ زیادہ تیزی سے مقبول ہوتا ہے۔ اس کے برعکس سنجیدہ شاعری، فکر انگیز نثر یا معنوی جہات رکھنے والا افسانہ قاری سے وقت اور غور و فکر کا مطالبہ کرتا ہے۔ اس لیے عام طور پر اسے وہ پذیرائی نہیں ملتی جو نسبتاً آسان، سطحی اور غیرمعیاری مواد کو مل جاتی ہے۔

ہزاروں لائکس حاصل کرنے والا شعر ضروری نہیں کہ فنی اعتبار سے بھی اعلیٰ ہو اور کم لائکس کی حامل نظم یا تحریر ضروری نہیں کہ ناقص ہو۔ ادب کی تاریخ میں بہت سے ایسے شاعر اور ادیب گزرے ہیں جن کی تخلیقی عظمت کو ان کے عہد میں پوری طرح تسلیم نہیں کیا گیا مگر وقت گزرنے کے ساتھ ان کے فن کی قدر و منزلت بڑھتی چلی گئی۔ ادب کی حقیقی قدر کا تعین وقت، تنقیدی شعور اور مسلسل مطالعے کے طویل عمل سے ہوتا ہے۔ اس لیے سوشل میڈیا پر ملنے والا فوری ردعمل اس دیرپا ادبی عمل کا متبادل نہیں ہو سکتا۔

اچھی تحریر وقت مانگتی ہے۔ یہ مطالعے، غور و فکر اور مسلسل نظر ثانی کے ایک تخلیقی عمل سے گزر کر اپنی حتمی شکل کو پہنچتی ہے۔ شاعر اپنے شعر کو بار بار پرکھتا ہے، ادیب اپنی تحریر کی تراش خراش کرتا ہے۔ زبان کی صحت و شائستگی، الفاظ کے برمحل استعمال اور جملوں کی نشست پر خاص توجہ دیتا ہے۔ یوں ایک تخلیق کو مکمل ہونے میں کئی ہفتے بلکہ مہینے لگ جاتے ہیں۔ اس کے برعکس سوشل میڈیا کے اس عہد عجلت نے فوری اظہار کا رجحان پیدا کر دیا ہے۔ خیال آیا یا پھر مصنوعی ذہانت سے لایا گیا، خود لکھا، یا مصنوعی ذہانت سے لکھوایا گیا اور فوراً پوسٹ کر دیا۔ اگر یہ روش ادبی تخلیق پر غالب آتی گئی تو خدشہ ہے کہ زبان و ادب کا معیار بتدریج متاثر ہوتا چلا جائے گا۔

سوشل میڈیا نے خود ساختہ ادبی شہرت کے رجحان کو بھی تقویت دی ہے۔ فالوورز اور لائکس کی بڑی تعداد بعض اوقات کسی شخص کو اس گمان میں مبتلا کر دیتی ہے کہ مقبولیت ہی تخلیقی عظمت کی دلیل ہے۔ سنجیدہ ادبی تنقید جو ادبی روایت کے فروغ کے لیے ناگزیر ہوتی ہے، وہ یہاں ذاتی پسند و ناپسند کی نذر ہو جاتی ہے۔ کہیں تعلق اور مروت کی بنا پر ہر تحریر پر داد و تحسین کے کلمات لکھے جاتے ہیں اور کہیں اختلاف رائے علمی اور ادبی مکالمے کے بجائے ذاتی تنقید اور تضحیک میں بدل جاتا ہے۔ نتیجتاً صحت مند تنقیدی ماحول قائم ہی نہیں ہو پاتا۔ ادب کو ایسی سنجیدہ، بے لاگ اور شائستہ تنقید درکار ہوتی ہے جو تخلیق اور تخلیق کار کے درمیان فرق کو ملحوظ رکھے۔

اسی طرح سرقۂ ادب بھی ڈیجیٹل دور کا ایک اہم مسئلہ ہے۔ اکثر اشعار اور اقتباسات مصنف کے نام کے بغیر یا غلط نام کے ساتھ پوسٹ کر دیے جاتے ہیں۔ بعض اوقات کسی دوسرے شخص کی تحریر معمولی تبدیلی کے بعد اپنے نام سے شائع کر دی جاتی ہے۔ کبھی زیادہ توجہ حاصل کرنے کے لیے بے وزن اور غیر معیاری اشعار معروف شعراء کے نام سے منسوب کر دیے جاتے ہیں۔ یوں جس سہولت نے ادب کی ترسیل کو آسان بنایا ہے، اسی نے تخلیق کار کی شناخت اور حقوق کے تحفظ کو مشکل بنا دیا ہے۔

اصل سوال یہ نہیں کہ سوشل میڈیا ادب کے لیے اچھا ہے یا برا، بلکہ یہ ہے کہ ہم اسے کس طرح سے استعمال کر رہے ہیں۔ اب یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ایسا ڈیجیٹل ادبی ماحول تشکیل دیا جائے جہاں نئی آوازوں کا خیرمقدم بھی ہو اور ادبی معیارات کی پاسداری بھی۔ جہاں مقبولیت کی اہمیت اپنی جگہ ہو مگر اسے معیار کا مترادف نہ سمجھا جائے اور جہاں تنقید، تضحیک نہ بنے۔

بلاشبہ سوشل میڈیا نے لوگوں پر ادب کے دروازے پہلے سے زیادہ وا کیے ہیں۔ اب اصل ذمہ داری ادیب، شاعر، نقاد اور قاری کی ہے کہ ان کھلے دروازوں سے آنے والی آوازوں میں صرف شور کو نہ سنیں بلکہ اس تخلیقی آواز کو پہچانیں جو شاید دھیمی ہو، مگر اپنے اندر وقت سے آگے سفر کرنے اور دیر تک زندہ رہنے کی قوت رکھتی ہو۔

تحریر: آفتاب وڑائچ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں