ہانگ کانگ: ہانگ کانگ سکسز کے 22ویں ایڈیشن کا مکمل شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے تمام 25 میچز 30 اکتوبر سے یکم نومبر 2026 تک ٹن کوونگ روڈ ریکریشن گراؤنڈ، ہانگ کانگ میں کھیلے جائیں گے۔
ایونٹ میں 12 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ دفاعی چیمپئن پاکستان کو گروپ سی میں روایتی حریف بھارت اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ رکھا گیا ہے۔
پاکستان نے گزشتہ ایڈیشن کے فائنل میں کویت کو شکست دے کر ہانگ کانگ سکسز کا ٹائٹل چھٹی مرتبہ اپنے نام کیا تھا اور اب قومی ٹیم اعزاز کے دفاع کے لیے میدان میں اترے گی۔
گروپس کی تقسیم
گروپ اے: آسٹریلیا، ہانگ کانگ، چین، انگلینڈ
گروپ بی: بنگلادیش، اسکاٹ لینڈ، سری لنکا
گروپ سی: پاکستان، بھارت، متحدہ عرب امارات
گروپ ڈی: جنوبی افریقا، عمان، افغانستان
پاکستان کا شیڈول
پاکستان 30 اکتوبر کو صبح 7 بج کر 35 منٹ پر متحدہ عرب امارات کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گا، جبکہ اسی روز صبح 11 بج کر 15 منٹ پر روایتی حریف بھارت کے خلاف میدان میں اترے گا۔
31 اکتوبر کو گروپ مرحلے کے باقی میچز کے ساتھ ناک آؤٹ مرحلے کا آغاز ہوگا۔
ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق ہر گروپ کی پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں کپ، دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں پلیٹ جبکہ تیسرے نمبر کی ٹیمیں باؤل کے سیمی فائنلز میں پہنچیں گی۔
ہانگ کانگ سکسز کا کپ فائنل یکم نومبر کو دوپہر 12 بج کر 10 منٹ پر کھیلا جائے گا۔







