کرسٹیانو رونالڈو کی انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ، ویرات کوہلی اور آر سی بی کا خراج تحسین

0

پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے معروف بیٹر ویرات کوہلی اور انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) نے انہیں شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے۔

رائل چیلنجرز بنگلورو نے سوشل میڈیا پر رونالڈو کے یادگار کیریئر کو سراہتے ہوئے کہا کہ مڈیرا سے تعلق رکھنے والا ایک عام لڑکا اپنی محنت، لگن اور خود اعتمادی کے باعث دنیا کا عظیم فٹبالر بن گیا۔

آر سی بی نے پرتگال کے لیے رونالڈو کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کئی برس تک اپنی شاندار کارکردگی سے دنیا بھر کے کروڑوں شائقین کو محظوظ کیا۔

فرنچائز نے اپنے پیغام میں ویرات کوہلی کے وہ الفاظ بھی شیئر کیے جو انہوں نے 2022 کے فیفا ورلڈ کپ میں پرتگال کی مراکش کے ہاتھوں شکست کے بعد رونالڈو کے لیے کہے تھے۔

ویرات کوہلی نے رونالڈو کو کھیلوں کی دنیا کے لیے ایک حقیقی مثال قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے نزدیک کرسٹیانو رونالڈو دنیا کے عظیم ترین کھلاڑی ہیں اور ان کی کامیابیاں کسی ایک ٹرافی یا ٹورنامنٹ کی محتاج نہیں۔

رونالڈو نے اپنے 23 سالہ انٹرنیشنل کیریئر کے دوران پرتگال کی نمائندگی کرتے ہوئے ریکارڈ 234 میچز کھیلے اور 146 گول اسکور کیے۔

ان کی قیادت میں پرتگال نے 2016 میں یورپیئن چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا، جبکہ 2019 اور 2025 میں یوئیفا نیشنز لیگ بھی جیتی۔

کرسٹیانو رونالڈو کی انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد کھیلوں کی دنیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی جانب سے انہیں خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں