پیٹرول 12 روپے 90 پیسے مہنگا، نئی قیمت 358 روپے 77 پیسے فی لیٹر ہوگئی

0

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے 8 ستمبر 2026 کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا، جس کے تحت پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

نئے نرخوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے 90 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 358 روپے 77 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 3 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی قیمت 381 روپے 77 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی۔

نئی قیمتوں کا اطلاق 8 ستمبر سے کیا گیا ہے۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 2026 کے دوران اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 236 روپے 73 پیسے فی لیٹر اضافہ جبکہ 147 روپے 88 پیسے فی لیٹر کمی ریکارڈ کی گئی۔ اسی عرصے میں ڈیزل کی قیمت میں مجموعی اضافہ 404 روپے 77 پیسے جبکہ مجموعی کمی 290 روپے 41 پیسے فی لیٹر رہی۔

سال 2026 کے آغاز سے 29 اگست تک پیٹرول مجموعی طور پر 88 روپے 85 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل 114 روپے 36 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا۔

پیٹرول کی قیمت میں رواں سال سب سے بڑا سنگل اضافہ 4 اپریل کو 57 روپے 24 پیسے فی لیٹر ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں اسی روز 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر کا سب سے بڑا اضافہ ہوا۔

اس کے برعکس پیٹرول کی قیمت میں سب سے بڑی سنگل کمی 20 جون کو 74 روپے 28 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں سب سے بڑی کمی 11 اپریل کو 134 روپے 81 پیسے فی لیٹر ریکارڈ کی گئی۔

ڈیلی پرائس میکینزم کے آغاز سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 44 روپے 67 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 62 روپے 26 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوچکا ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تازہ اضافے کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر مزید دباؤ آنے کا امکان ہے، جس سے عام صارفین کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں