عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دینے پر بلاول بھٹو کے بیان کا خیرمقدم، پی ٹی آئی کا عملی اقدامات کا مطالبہ

0

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دینے اور مخصوص نشستوں کے معاملے پر پی ٹی آئی کے مؤقف کی حمایت کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بلاول بھٹو اپنے بیانات کو عملی اقدامات سے ثابت کریں۔

پاکستان تحریک انصاف کا ملکی سیاسی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ سیاسی بیانات، گورنر راج، ایمرجنسی اور خیبرپختونخوا کے مالی و آئینی حقوق سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو اپنے مؤقف میں سنجیدگی اور نیک نیتی ثابت کرنے کے لیے گورنر راج کے خاتمے میں عملی کردار ادا کرنا چاہیے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ پیپلز پارٹی قومی اسمبلی میں گورنر راج اور ایمرجنسی کی توسیع کے حق میں ووٹ دینے سے گریز کرے۔

پی ٹی آئی اراکین نے مؤقف اختیار کیا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کے باعث خیبرپختونخوا کے سیاسی، معاشی اور انتظامی مسائل مزید پیچیدہ ہوگئے ہیں، جبکہ صوبے کے آئینی اور مالی حقوق کے حوالے سے بھی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔

اجلاس میں خیبرپختونخوا کے مالی وسائل اور وفاق کی جانب سے فنڈز کی فراہمی میں تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ پی ٹی آئی اراکین نے دعویٰ کیا کہ وفاقی حکومت نے صوبے کے لیے 160 ارب روپے فراہم کرنے کا وعدہ پورا کرنے کے بجائے 157 ارب روپے کی کٹوتی کر دی ہے۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کو اس کے آئینی اور مالی حقوق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔ وفاقی حکومت کو صوبے کے واجبات اور وسائل کی فراہمی یقینی بنانی چاہیے تاکہ عوام کو درپیش مسائل میں کمی لائی جاسکے۔

اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی سیکیورٹی کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی۔ پی ٹی آئی اراکین نے کہا کہ تمام سیاسی قیادت کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت نہیں ہونی چاہیے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے آئین و قانون کی بالادستی، سیاسی آزادیوں، خیبرپختونخوا کے مالی حقوق اور عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ان معاملات پر اصولی مؤقف برقرار رکھا جائے گا۔

اجلاس کے شرکاء نے ایک مرتبہ پھر بلاول بھٹو زرداری پر زور دیا کہ وہ عمران خان اور مخصوص نشستوں کے حوالے سے اپنے بیانات کی عملی حمایت کریں اور ملک میں سیاسی و آئینی معاملات کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں