اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور یہ نرخ 10 اگست تک برقرار رہیں گے۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 20 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 327 روپے 62 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی سستا کردیا گیا ہے۔ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے 50 پیسے کی کمی کے بعد نئی قیمت 380 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
وزارتِ پیٹرولیم کے مطابق ڈیزل پر عائد پیٹرولیم لیوی میں 81 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ لیوی 73 روپے 47 پیسے سے بڑھا کر 74 روپے 28 پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے۔
دوسری جانب پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اسے 80 روپے فی لیٹر کی سطح پر برقرار رکھا گیا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں حالیہ ردوبدل عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور دیگر متعلقہ عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا ہے اور 10 اگست تک نافذ العمل رہے گا۔







