ملک میں مون سون بارشوں کا سلسلہ، کئی شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ

0

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کے ممکنہ خطرے سے آگاہ کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی نمی سے بھرپور ہوائیں ملک کے وسطی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں، جس کے باعث مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ متوقع ہے۔

اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور بالائی پنجاب میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دریاؤں کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ دریائے راوی اور چناب میں آئندہ چند روز کے دوران کم درجے کا سیلاب آسکتا ہے۔ ان دونوں دریاؤں سے منسلک برساتی نالوں میں بھی 21 اگست تک کم سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ موجود ہے۔

دریائے سندھ میں کالاباغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو کے مقامات پر پہلے ہی کم درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔

آبی ذخائر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ تربیلا ڈیم اپنی زیادہ سے زیادہ سطح تک پہنچ چکا ہے، جبکہ منگلا ڈیم تقریباً 69 فیصد بھر چکا ہے۔ دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر بھی آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران کم درجے کے سیلاب کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ بارشوں، شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور دریاؤں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضروری حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

شہریوں کو بھی بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں