پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 14 دسمبر کو کرانے کی تجویز، الیکشن کمیشن نے ڈرافٹ شیڈول جاری کر دیا

0

کاغذات نامزدگی 27 اکتوبر سے 30 اکتوبر تک جمع ہوں گے، امیدواروں کی حتمی فہرست 19 نومبر کو آویزاں اور انتخابی نشانات 20 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے

لاہور (ویب ڈیسک): الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 14 دسمبر 2026 کو کرانے کی تجویز دیتے ہوئے مجوزہ انتخابی شیڈول چیف سیکریٹری پنجاب کو ارسال کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل ڈی جی ندیم قاسم کی جانب سے چیف سیکریٹری پنجاب کو لکھے گئے مراسلے میں مجوزہ شیڈول پر جلد اپنی رائے اور تجاویز ارسال کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

مجوزہ شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدوار 27 اکتوبر سے 30 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے، جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال 2 سے 5 نومبر تک ہوگی۔

کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں 7 سے 11 نومبر تک دائر کی جا سکیں گی، جنہیں انتخابی ٹربیونلز 12 سے 16 نومبر کے دوران نمٹائیں گے۔ امیدوار 18 نومبر تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔

مجوزہ پروگرام کے تحت امیدواروں کی حتمی فہرست 19 نومبر کو آویزاں کی جائے گی جبکہ انتخابی نشانات 20 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔

پولنگ 14 دسمبر کو ہوگی اور ریٹرننگ افسران کی جانب سے نتائج کا اعلان 17 دسمبر تک کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق الیکشن کمیشن اور صوبائی حکومت کے درمیان مشاورتی اجلاس میں حکومت نے 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے درمیان انتخابات کرانے کی تجویز دی تھی۔

الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے اسی بنیاد پر انتخابی پروگرام کا ڈرافٹ تیار کیا ہے۔ تاہم 14 دسمبر کی تاریخ فی الحال مجوزہ شیڈول کا حصہ ہے، حتمی انتخابی پروگرام الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں