پاکستان کا 79واں یومِ آزادی، ملک بھر میں ملی جوش و جذبے کے ساتھ تقریبات

0

پاکستان کا 79واں یومِ آزادی ملک بھر اور آزاد کشمیر میں قومی جوش و جذبے، حب الوطنی اور اس عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ ملک کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور استحکام کے لیے پوری قوم متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرے گی۔

یومِ آزادی کے موقع پر ملک بھر کی مساجد میں نمازِ فجر کے بعد قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ علماء کرام نے قیامِ پاکستان کی جدوجہد اور آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالی جبکہ پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی کے ذریعے یومِ آزادی کی تقریبات کا آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر مسلح افواج کے جوانوں کے نعرۂ تکبیر سے فضا گونج اٹھی۔

کراچی میں بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ نہال ہاشمی نے مزار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں مختلف اسکولوں کے طلبہ نے ملی نغمے بھی پیش کیے۔

یومِ آزادی کی مناسبت سے ملک کے مختلف ڈویژنل اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں، ٹاؤن میونسپل دفاتر اور دیگر سرکاری اداروں میں بھی جشنِ آزادی کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔

جشنِ آزادی کی تقریبات کا آغاز گزشتہ رات 12 بجتے ہی مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی سے ہوا۔ آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھا جبکہ شہریوں نے پاکستان زندہ باد کے نعروں کے ساتھ جشن منایا۔ مختلف علاقوں میں شہریوں نے ریلیاں بھی نکالیں۔

ملک بھر میں جشنِ آزادی کے موقع پر سرکاری، نیم سرکاری اور نجی عمارتوں کو قومی پرچموں، جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ گلی محلوں اور بازاروں میں بھی قومی رنگ نمایاں ہیں اور ہر طرف سبز ہلالی پرچم لہراتے نظر آ رہے ہیں۔

مختلف شہروں میں ملی نغموں، ریلیوں اور خصوصی تقریبات کے ذریعے وطن سے محبت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں اور کارکنوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور آزادی کی قدر و اہمیت کو اجاگر کیا۔

پاکستان کا یومِ آزادی اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ قوم اتحاد، نظم و ضبط اور محنت کے ذریعے ملک کو مزید مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں