پاکستان ٹیلی ویژن کو مالی سال 2026-27 کے دوران ہر سہ ماہی میں 3 ارب 25 کروڑ روپے فراہم کرنے کی منظوری

0

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے اہم فیصلوں کی منظوری دیتے ہوئے ادارے کو مالی سال 2026-27 کے دوران ہر سہ ماہی میں 3 ارب 25 کروڑ روپے فراہم کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی سیالکوٹ (سمبڑیال) تا کھاریاں موٹروے منصوبے کے لیے اربوں روپے کی خودمختار ضمانتوں کی بھی منظوری دی گئی۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں مختلف وزارتوں کی مالیاتی سمریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزارتِ اطلاعات و نشریات کی سفارش پر پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کی آپریشنل اور انتظامی ضروریات کے لیے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

فیصلے کے تحت پی ٹی وی کو مالی سال 2026-27 کے دوران ہر تین ماہ بعد 3 ارب 25 کروڑ روپے جاری کیے جائیں گے تاکہ ادارے کے روزمرہ اخراجات اور نشریاتی امور بلا تعطل جاری رہ سکیں۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارتِ اطلاعات کو ہدایت بھی کی کہ آئندہ دو ماہ کے اندر پی ٹی وی کی مالی خودمختاری اور مستقل بنیادوں پر خود کفیل بنانے کے لیے جامع اصلاحاتی منصوبہ تیار کرکے دوبارہ ای سی سی کے سامنے پیش کیا جائے، تاکہ مستقبل میں حکومتی مالی معاونت پر انحصار کم کیا جا سکے۔

اجلاس میں وزارتِ مواصلات کی جانب سے پیش کی گئی سمری بھی منظور کی گئی، جس کے تحت سیالکوٹ (سمبڑیال) تا کھاریاں موٹروے (ایم-12) منصوبے کے لیے بلڈ، آپریٹ اینڈ ٹرانسفر (BOT) ماڈل کے تحت 27 ارب 62 کروڑ روپے مالیت کی خودمختار ضمانتیں جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔

کمیٹی نے اس منصوبے کے لیے پہلے سے منظور شدہ 6 ارب 94 کروڑ 40 لاکھ روپے کی آپریشنل وی جی ایف (Viability Gap Funding) سہولت کو بھی برقرار رکھنے اور اسے رول اوور کرنے کی اجازت دے دی۔

حکام کے مطابق نئی مالیاتی ضمانتوں سے منصوبے میں شامل نجی کمپنی کو مالیاتی تقاضے مکمل کرنے میں سہولت ملے گی، جس کے بعد پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت موٹروے منصوبے پر پیش رفت مزید تیز ہونے کی توقع ہے۔

اقتصادی ماہرین کے مطابق ای سی سی کے حالیہ فیصلوں کا مقصد ایک جانب قومی نشریاتی ادارے کے انتظامی معاملات کو مستحکم رکھنا اور دوسری جانب اہم انفراسٹرکچر منصوبوں کے لیے مالیاتی رکاوٹیں دور کرنا ہے، تاکہ ترقیاتی منصوبوں پر بروقت عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں