پاکستان نے ہانگ کانگ کو 72 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

0

دبئی: ویمنز ایشیا ٹی ٹوئنٹی کپ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 72 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے اور ہانگ کانگ کو کامیابی کے لیے 144 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی جانب سے شوال ذوالفقار نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 47 رنز بنائے، جبکہ عائشہ ظفر 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ ہانگ کانگ کی جانب سے جولین کور نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اقرا سحر اور کیری چن نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

144 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی ٹیم 19 اوورز میں صرف 71 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ کیری چن 30 اور یاسمین 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔

پاکستان کی جانب سے نشرح سندھو نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ٹیم کی 72 رنز سے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان نے ایشیا کپ میں اپنے سفر کا آغاز تھائی لینڈ کے خلاف کامیابی سے کیا تھا، جبکہ اسے دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ہانگ کانگ کے خلاف کامیابی کے بعد پاکستان نے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں