پاکستان نے جنوبی کوریا کو شکست دے کر ہاکی ٹیسٹ سیریز اپنے نام کر لی

0

اسلام آباد: پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-3 سے اپنے نام کر لی۔

نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے کا آغاز کوریا نے جارحانہ انداز میں کیا اور پہلے ہاف کے اختتام تک ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔ تاہم دوسرے ہاف میں قومی ٹیم نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے میچ کا نقشہ بدل دیا اور مسلسل حملوں کے ذریعے کامیابی اپنے نام کر لی۔

پاکستان کی جانب سے حیات زکریا نے 32ویں منٹ میں پہلا گول کرکے مقابلہ برابر کیا۔ اس کے بعد رانا وحید اشرف نے 45ویں، عبدالرحمٰن نے 55ویں اور شاہد حنان نے 57ویں منٹ میں گول اسکور کرکے قومی ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔

جنوبی کوریا کی طرف سے کم ہیونگ جن نے 10ویں منٹ میں پہلا گول کیا، جبکہ یانگ جی ہون نے 33ویں اور کم یونگ بوک نے 50ویں منٹ میں اپنی ٹیم کے لیے مزید دو گول اسکور کیے، تاہم یہ کوشش کامیابی کے لیے کافی ثابت نہ ہو سکی۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے نہ صرف تیسرا ٹیسٹ میچ جیتا بلکہ تین میچوں کی سیریز بھی کلین سوئپ کرتے ہوئے 0-3 سے اپنے نام کر لی، جو قومی ہاکی ٹیم کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔

میچ کے مہمانِ خصوصی وفاقی محتسب اعلیٰ نوید کامران بلوچ تھے، جنہوں نے دونوں ٹیموں کے کھیل اور کھلاڑیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ اختتامی تقریب میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے مہمانِ خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

تقریب میں چیئرمین پی ایچ ایف ڈویلپمنٹ کمیٹی اولمپین حسن سردار، چیئرمین سلیکشن کمیٹی اولمپین سمیع اللہ خان، ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ یاور حسین اور دیگر کھیلوں سے وابستہ شخصیات بھی شریک ہوئیں۔

قومی ہاکی ٹیم کی مسلسل تین فتوحات نے شائقینِ ہاکی میں نئی امید پیدا کر دی ہے، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی تسلسل برقرار رہا تو پاکستان عالمی سطح پر ایک بار پھر اپنی کھوئی ہوئی شناخت بحال کرنے میں کامیاب ہو سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں