ناروے میں پاکستان کے سفیر عاصم علی خان نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) کے ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ناروے کے درمیان براہ راست فضائی پروازوں کی بحالی کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے براہ راست پروازوں کی بحالی کے عمل کو تیز کرنے اور متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطے اور تعاون کو یقینی بنانے کے حوالے سے مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔
اوسلو میں پاکستانی سفارت خانے نے اس اہم اقدام کی مکمل حمایت اور متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر فضائی رابطوں کی بہتری کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستان اور ناروے کے درمیان براہ راست پروازوں کی بحالی سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سیاحت اور عوامی روابط کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔
اس اقدام سے خصوصاً ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو سفری سہولیات میں بہتری اور دونوں ممالک کے درمیان آمدورفت میں آسانی میسر آئے گی، جبکہ پاکستان اور ناروے کے باہمی تعلقات بھی مزید مضبوط ہوں گے۔







