وفاقی آئینی عدالت کے 126 صفحات پر مشتمل پریکٹس اینڈ پروسیجر رولز 2026 پبلک کردیے گئے ہیں، جن میں توہین عدالت، نظرثانی درخواستوں، سزائے موت، ہیبیس کارپس، اپیلوں، التوا، زبانی دلائل، بینچوں کی تشکیل اور وکلا سے متعلق تفصیلی قواعد وضع کیے گئے ہیں۔
نئے رولز کے مطابق وفاقی آئینی عدالت توہین عدالت کا ازخود نوٹس لے سکے گی، جبکہ کسی بھی شخص کی درخواست پر بھی توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جاسکے گی۔
نظرثانی درخواستوں کے حوالے سے رولز میں کہا گیا ہے کہ بے بنیاد یا بدنیتی پر مبنی درخواست دائر کرنے والے وکیل کے خلاف تادیبی کارروائی کے ساتھ کم از کم 25 ہزار روپے عدالتی اخراجات عائد کیے جاسکتے ہیں۔ درخواست گزار فریق پر بھی کم از کم 25 ہزار روپے اخراجات عائد ہوسکتے ہیں۔
نظرثانی درخواست کی سماعت سے قبل درخواست گزار کو 50 ہزار روپے زرِ ضمانت جمع کرانا ہوگا۔ درخواست مسترد یا بے بنیاد قرار پانے کی صورت میں یہ رقم ضبط کی جاسکتی ہے۔
رولز کے مطابق نظرثانی درخواست حتی الامکان اسی بینچ کے سامنے مقرر ہوگی جس نے اصل فیصلہ یا حکم جاری کیا ہو۔ نظرثانی کے حکم کے خلاف دوسری نظرثانی درخواست دائر نہیں کی جاسکے گی۔
سزائے موت سے متعلق نظرثانی درخواست دائر ہونے کی صورت میں رجسٹرار متعلقہ حکومت کو فوری آگاہ کرے گا اور درخواست کے فیصلے تک سزا پر عملدرآمد خودکار طور پر معطل رہے گا، تاہم اپیل، نظرثانی اور رحم کی درخواست سمیت تمام قانونی کارروائی مکمل ہوچکی ہو تو یہ خودکار معطلی لاگو نہیں ہوگی۔
رولز میں آئینی تشریح سے متعلق اہم سوالات کے حوالے سے بھی طریقہ کار مقرر کیا گیا ہے۔ عدالت کسی زیرِ سماعت مقدمے میں آئین کی تشریح سے متعلق اہم قانونی سوال سامنے آنے پر متعلقہ عدالت سے مقدمے کا ریکارڈ طلب کرسکے گی۔
ہیبیس کارپس کی درخواستوں کے لیے بھی خصوصی طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ ایسی درخواست پر کوئی عدالتی فیس عائد نہیں ہوگی جبکہ آرٹیکل 175E شق 3 کے تحت درخواست سات دن کے اندر سماعت کے لیے مقرر کیے جانے کی شق بھی شامل ہے۔
آرٹیکل 63A کے تحت الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف وفاقی آئینی عدالت میں 30 دن کے اندر اپیل دائر کی جاسکے گی، جبکہ ایسی اپیل کا فیصلہ 90 دن میں کرنے کی شق بھی رولز میں شامل ہے۔
عدالتی کارروائی میں التوا کے حوالے سے رولز میں کہا گیا ہے کہ التوا معمول کا حق نہیں ہوگا۔ مبہم، غیر ضروری یا کارروائی میں تاخیر کے لیے دائر درخواست مسترد کی جاسکتی ہے، جبکہ حقیقی ہنگامی یا ناگزیر حالات میں عدالت التوا منظور کرسکے گی۔
زبانی دلائل کے لیے بھی وقت مقرر کیا گیا ہے۔ عام مقدمات میں ہر فریق کو 10 منٹ جبکہ آئینی قانون کے اہم سوال پر مشتمل مقدمے میں عموماً 30 منٹ تک زبانی دلائل کا وقت دیا جائے گا۔ عدالت کی اجازت کے بغیر مقررہ وقت سے زیادہ دلائل نہیں دیے جاسکیں گے۔
بینچوں کی تشکیل کے حوالے سے رولز کے مطابق ہر مقدمہ، درخواست یا اپیل کم از کم دو ججز پر مشتمل بینچ سنے گا۔ اہمیت، پیچیدگی یا عوامی اہمیت کے پیش نظر چیف جسٹس بڑا بینچ بھی تشکیل دے سکیں گے۔
وکلا سے متعلق قواعد میں سینئر ایڈووکیٹس، ایڈووکیٹس اور ایڈووکیٹس آن ریکارڈ کے الگ الگ رولز رکھنے کی شق شامل ہے۔ وفاقی آئینی عدالت میں ایڈووکیٹ کے طور پر انرولمنٹ کے لیے کم از کم سات سال ہائی کورٹ کا ایڈووکیٹ رہنے کی شرط بھی مقرر کی گئی ہے۔
رولز کے مطابق چیف جسٹس اور ججز علم، قابلیت اور تجربے کی بنیاد پر وکلا کو سینئر ایڈووکیٹ نامزد کرسکیں گے، جبکہ سینئر ایڈووکیٹ کی انرولمنٹ فیس ایک لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
وفاقی آئینی عدالت کے مطابق تمام مقدمات، درخواستیں، اپیلیں اور نظرثانی درخواستیں مختلف زمروں اور ذیلی زمروں میں تقسیم ہوں گی اور رجسٹرار چیف جسٹس کی منظوری سے مقدمات کی فائلنگ، جانچ، رجسٹریشن اور سماعت کے لیے فہرست سازی کا طریقہ کار مرتب کرے گا۔
Disclaimer: This report is based on the Federal Constitutional Court’s published rules and reports from established news sources. Legal interpretation and the practical application of individual provisions may depend on future court proceedings.







