وزیراعظم کی ہدایت پر پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے اضافے کا بوجھ عوام کے بجائے ریفائنریز پر منتقل کر دیا گیا، وزیر پیٹرولیم

0

اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ جمعہ کے روز پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ متوقع تھا، تاہم وزیراعظم کی ہدایت پر یہ اضافی بوجھ عوام پر منتقل کرنے کے بجائے آئل ریفائنریز پر ڈال دیا گیا، جس کے باعث پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے میں مدد ملی۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی منڈی میں توانائی کی قیمتوں میں اضافے، خطے کی کشیدہ صورتحال، انشورنس اور نقل و حمل کے اخراجات بڑھنے سے پاکستان کی معیشت بھی متاثر ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے آئل ریفائنریز کے تعاون سے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ کم کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ ریفائنریز نے حکومت کے ساتھ مل کر تقریباً 15 ارب روپے کا بوجھ برداشت کیا، جس سے عوام کو فی لیٹر 15 روپے تک کا ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملی۔

وزیر پیٹرولیم کے مطابق حکومتی فیول ریلیف اسکیم سے ایک کروڑ 30 لاکھ سے زائد صارفین مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کے باوجود حکومت عوام پر کم سے کم مالی بوجھ منتقل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کی اولین ترجیح پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کم سے کم بوجھ عوام پر ڈالنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیول ریلیف اسکیم کے تحت ڈیڑھ کروڑ سے زائد رجسٹریشن ہو چکی ہیں اور اب تک 27 ارب روپے سے زائد کا ریلیف فراہم کیا جا چکا ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ موٹر سائیکلوں، چنگ چی رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے متعارف کرائی گئی فیول ریلیف اسکیم جاری رہے گی، جبکہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں