اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نئی نسل کی اخلاقی تربیت اور شخصیت سازی کے لیے نبی کریم ﷺ کے اسوۂ حسنہ سے بہتر کوئی نمونہ نہیں۔ پاکستان کو مضبوط اور باوقار بنانے کے لیے قوم کو اتحاد، بھائی چارے اور مثبت اختلافِ رائے کو فروغ دینا ہوگا۔
وزیراعظم نے اسلام آباد میں 12 ربیع الاول کی مناسبت سے منعقدہ قومی سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ انسانی زندگی کے ہر شعبے کے لیے رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ نئی نسل کی تعلیم و تربیت حکومت اور معاشرے کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ تحریکِ پاکستان کے دوران مسلمانوں نے مسلکی اور گروہی شناختوں سے بالاتر ہو کر قائداعظم کی قیادت میں اتحاد کا مظاہرہ کیا، اور یہی اتحاد پاکستان کے قیام کا سبب بنا۔ وزیراعظم کے مطابق آج بھی ملک کو اسی جذبے اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ معاشرے میں اتحاد اور برداشت کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور عوام کو ان عناصر سے محفوظ رکھیں جو اختلافات کو نفرت اور تقسیم میں تبدیل کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے سیرتِ نبوی ﷺ کے مختلف واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صلح حدیبیہ حکمت اور دوراندیشی، طائف صبر و برداشت، مدینہ میں مہاجرین و انصار کا بھائی چارہ اور فتح مکہ عفو و درگزر کا عظیم نمونہ پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشی اور سماجی مشکلات کا مقابلہ محبت، باہمی تعاون اور ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہو کر کیا جا سکتا ہے۔ اختلافِ رائے کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ علمی اختلاف معاشرے کے لیے نقصان دہ نہیں، بشرطیکہ اس میں برداشت، احترام اور مکالمے کی حدود برقرار رہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ فرقہ واریت کا خاتمہ اتحادِ امت سے ممکن ہے۔ ان کے مطابق تمام مسلمانوں کی بنیادی شناخت ایک ہے اور نئی نسل کو اسی تصورِ وحدت اور بھائی چارے کے ساتھ آگے بڑھانا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دینی مدارس سے فارغ ہونے والی نئی نسل کے علماء اخلاق و کردار میں نمایاں مثال بنیں اور محراب و منبر سے نماز کے ساتھ ساتھ دیانت، محنت، برداشت اور حسنِ اخلاق کا پیغام بھی دیں۔
وزیراعظم نے سعودی عرب اور ترکیہ کے پاکستان کے ساتھ تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ دونوں برادر ممالک نے مشکل اوقات میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
قومی سیرت کانفرنس میں وفاقی وزراء، ارکانِ پارلیمنٹ، علماء، مشائخ، محققین، اسکالرز اور غیر ملکی سفارت کاروں نے شرکت کی۔ کانفرنس کا مرکزی موضوع نسلِ نو کی حفاظت، تعمیر اور کردار سازی تھا۔







