اسلام آباد: وزیراعظم نے وفاقی تعلیمی اداروں میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کیمپ قائم کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے اساتذہ کو انتخابی، انتظامی اور دیگر غیر تدریسی ذمہ داریوں سے استثنیٰ دے دیا ہے۔
وزیراعظم کی ہدایات پر وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے باضابطہ آفس میمورنڈم جاری کردیا ہے، جس کے تحت وفاقی نظامت تعلیم (ایف ڈی ای) کے زیر انتظام اسکولوں اور کالجوں کی عمارتیں، کلاس رومز اور دیگر سہولیات صرف تعلیمی مقاصد کے لیے استعمال کی جائیں گی۔
سرکاری مراسلے کے مطابق تعلیمی اداروں کی عمارتوں کو پولیس یا کسی دوسرے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے عارضی کیمپ، اہلکاروں کی تعیناتی، حراستی مراکز یا دیگر آپریشنل سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
وزیراعظم کی جانب سے 4 نومبر 2026 کو جاری کردہ ہدایات میں واضح کیا گیا تھا کہ وفاقی تعلیمی اداروں کی عمارتوں اور سہولیات کو کسی بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے کے حوالے نہیں کیا جائے گا تاکہ تعلیمی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں۔
دوسری جانب وزیراعظم نے وفاقی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کو انتخابی ڈیوٹیوں، مردم شماری، گھر گھر سروے اور دیگر انتظامی ذمہ داریوں پر تعینات کرنے سے بھی روک دیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایسے اساتذہ جو پہلے سے غیر تدریسی یا انتظامی فرائض انجام دے رہے ہیں، ان کی متعلقہ ڈیوٹیاں فوری طور پر منسوخ کی جا سکتی ہیں تاکہ وہ اپنی مکمل توجہ تدریسی سرگرمیوں اور طلبہ کی تعلیم پر مرکوز رکھ سکیں۔
وزارت وفاقی تعلیم نے وزیراعظم کی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے آفس میمورنڈم سیکرٹری داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد سمیت متعلقہ حکام کو ارسال کردیا ہے۔







