اسلام آباد: ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ مختلف شہروں میں مساجد، بازاروں، گلیوں اور شاہراہوں کو سبز جھنڈیوں، برقی قمقموں اور خوبصورت آرائشی محرابوں سے سجایا گیا، جبکہ مختلف مقامات پر میلاد کی محافل، جلوس اور مذہبی اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔
لاہور میں یومِ ولادتِ رسول ﷺ کا آغاز نمازِ فجر کے بعد محفوظ شہید گریژن میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں کی جانب سے نعرۂ تکبیر بھی بلند کیا گیا۔
کراچی میں عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر مرکزی جلوسوں کا انعقاد کیا گیا۔ جلوسوں کی روانی کے دوران ایم اے جناح روڈ سمیت مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے اور شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ملک کے مختلف شہروں میں مساجد اور اہم عمارتوں پر چراغاں کیا گیا، جبکہ محافلِ میلاد میں نعت خوانی، درود و سلام اور سیرتِ طیبہ ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی، فیصل آباد، حیدرآباد، سکھر اور دیگر شہروں کے علاوہ قصبوں اور دیہات میں بھی میلاد کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ کئی مقامات پر شہریوں کے لیے نیاز اور لنگر کا اہتمام کیا گیا۔
عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے۔ بڑے جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کے مقامات پر اضافی نفری تعینات کی گئی جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے۔
جشنِ میلاد کے موقع پر ملک کے مختلف علاقوں میں گلیاں اور بازار روشنیوں سے جگمگاتے رہے، جبکہ مساجد اور مذہبی اجتماعات سے درود و سلام اور نعتوں کی صدائیں بلند ہوتی رہیں۔
ملک بھر میں شہریوں نے حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے میلاد کی تقریبات میں شرکت کی اور آپ ﷺ کی تعلیمات، اخلاق اور اسوۂ حسنہ پر عمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔







