عمران خان سے نورین نیازی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات، علیمہ خان کا اہم بیان

0

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے ان کی بہن نورین نیازی نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد نورین نیازی فیکٹری ناکے پر واپس پہنچیں، تاہم انہوں نے میڈیا نمائندوں یا کارکنوں سے گفتگو کرنے سے گریز کیا اور خاموشی سے وہاں سے روانہ ہوگئیں۔

دوسری جانب علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی اپنے بچوں سے بات نہیں کرائی جارہی، جبکہ ان کے اور ڈاکٹر عظمیٰ کے ملاقات نہ ہونے کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے۔ ان کے مطابق یہ معاملات عدالت کے احکامات کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ وہ عدالتوں کے احکامات کے مطابق اپنا مؤقف پیش کر رہے ہیں اور انہیں سمجھ نہیں آتی کہ حکومت کو کس بات کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عظمیٰ اور ڈاکٹر فیصل کے ساتھ پیش آنے والے معاملات پر بھی عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو عدلیہ سے انصاف کی امید ہے اور اگر عدالتیں ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کریں گی تو اس سے لوگوں کا اعتماد بحال ہوگا۔ علیمہ خان کے مطابق عمران خان کے معاملے میں بھی ان کی امید عدالتوں سے وابستہ ہے۔

علیمہ خان نے مزید کہا کہ اگر عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد نہیں ہوگا تو اس سے عوام کے اندر اداروں کے حوالے سے اعتماد متاثر ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ان ججوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو قانون اور انصاف کے مطابق فیصلے کر رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعض معاملات میں عدالت کے احکامات پر عمل نہ ہونے سے یہ تاثر پیدا ہو رہا ہے کہ حکومت عدالتی فیصلوں کو تسلیم نہیں کر رہی۔ علیمہ خان نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ آئین اور عدالتی نظام کی بالادستی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران علیمہ خان نے صحافیوں کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد ان سے سوالات کرنا بھی بعض حالات میں توہینِ عدالت کے معاملے سے جوڑا جا رہا ہے۔

نورین نیازی کی ملاقات کے حوالے سے ان کی جانب سے تاحال کوئی تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا، جبکہ علیمہ خان نے واضح کیا ہے کہ عمران خان کے معاملے میں آئندہ بھی قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں