پاکستانی آل راؤنڈر اور ہانگ کانگ سکسز 2026 میں قومی ٹیم کے کپتان عباس آفریدی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ ٹرافیاں اپنے نام کرلیں، جس کے بعد ان کے منفرد انداز میں جشن منانے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
25 سالہ عباس آفریدی تصویر میں بستر پر سونے کی اداکاری کرتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ ان کے ساتھ پانچ ٹرافیاں بھی رکھی ہوئی ہیں۔ انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
عباس آفریدی نے صرف چار میچز میں 216 رنز اسکور کیے اور 31 چھکے لگائے۔ وہ آسٹریلیا کے میکس برائنٹ کے ساتھ مشترکہ طور پر ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے، جبکہ سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
کھیلوں سے متعلق ایک سوشل میڈیا پیج کے مطابق عباس آفریدی نے تین مرتبہ پلیئر آف دی میچ، پلیئر آف دی ٹورنامنٹ اور سب سے زیادہ چھکے لگانے سمیت مختلف اعزازات کی ٹرافیاں حاصل کیں۔
انہوں نے عمان کے خلاف پلیٹ فائنل میں بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 16 گیندوں پر ناقابل شکست 73 رنز بنائے، جس میں 11 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔ پاکستان نے یہ مقابلہ 18 رنز سے جیت کر پلیٹ ٹائٹل اپنے نام کیا۔
دوسری جانب پاکستان مرکزی ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہا اور ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر پانچویں پوزیشن حاصل کی، جبکہ افغانستان نے فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دے کر پہلی مرتبہ مرکزی ٹائٹل جیت لیا۔







