شعرو آہنگ کی ادبی نشست میں بامعنی مکالمہ، خوبصورت شاعری اور بدلتی روایات کا خیرمقدم

0

8 نومبر 2026ء کو منعقد ہونے والی شعرو آہنگ کی ادبی نشست ایک یادگار شام ثابت ہوئی، جس میں معروف ادبی شخصیات، شعرا اور ادب سے محبت کرنے والے افراد نے شرکت کی۔ محفل میں بامعنی مکالمے، فکری گفتگو اور عمدہ شاعری کے ذریعے ادبی ذوق کو فروغ دینے کی کوشش کی گئی۔

پروگرام کے منتظمین سونیا خان اور طارق میر نے نشست میں شرکت کرنے والے تمام شعرا، مہمانوں اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بالخصوص سلمان باسط کی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی علمی و ادبی شخصیت نے محفل کو وقار بخشا۔

سید حیدر حسین نے میزبانی کے فرائض خوش اسلوبی سے انجام دیے، جبکہ سید مجاہد علی، انیس احمد اور فیصل ہاشمی کی گفتگو اور فکر انگیز شاعری نے محفل کو مزید خوبصورت بنایا۔ صدرِ محفل شگفتہ شاہ نے اپنی علمی بصیرت اور متوازن گفتگو سے نشست کو وقار عطا کیا۔

منتظمین کے مطابق شعرو آہنگ کے قیام کا بنیادی مقصد ادبی محفلوں کو روایتی دائروں تک محدود رکھنے کے بجائے نئے تخلیقی اور فکری امکانات کو فروغ دینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ادب کسی مخصوص حلقے، منصب یا روایت کی میراث نہیں بلکہ ایک مسلسل ارتقا پذیر تخلیقی اور فکری عمل ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شعرو آہنگ میں تعارف اور تعلقات کے بجائے تخلیق، علم اور حقیقی ادبی صلاحیت کو اہمیت دی جاتی رہے گی۔ اختلافِ رائے اور تنقید کو بھی ادبی ارتقا کا لازمی حصہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ادبی محفلوں میں نئے لوگوں اور نئے خیالات کے لیے گنجائش پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

نشست کے اختتام پر منتظمین نے تمام شرکا اور حاضرین کی محبت اور پذیرائی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شعرو آہنگ ادب، مکالمے اور نئے امکانات کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ ان کے مطابق ادب میں جگہ بنائی جاتی ہے، مختص نہیں کی جاتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں