سویڈن میں پاکستانی ثقافت، موسیقی اور روایتی کھانوں سے سجا ایک شاندار میلہ منعقد ہوا، جس میں پاکستانی کمیونٹی سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ میلے میں پاکستانی ثقافت کے رنگ نمایاں رہے، جبکہ معروف گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگا کر شرکاء کو خوب محظوظ کیا۔ مزید جانتے ہیں اس رپورٹ میں۔
سویڈن میں دو اگست سے شروع ہونے والا یہ ثقافتی میلہ پاکستانی کمیونٹی کے لیے خوشی، تفریح اور اپنی ثقافت سے جڑنے کا خوبصورت موقع بن گیا۔















میلے میں پاکستانی ثقافت کے مختلف رنگ نمایاں نظر آئے۔ روایتی پاکستانی کھانوں سے لے کر ملبوسات، زیورات اور دیگر اشیاء کے اسٹالز نے شرکاء کی توجہ حاصل کی۔
پاکستانی ذائقوں کی بات ہو اور جلیبی اور کلفی کا ذکر نہ ہو، ایسا کیسے ممکن ہے۔ میلے میں جلیبی اور کلفی کے اسٹالز پر بھی لوگوں کا خاصا رش دیکھنے میں آیا، جہاں دیارِ غیر میں پاکستانی ذائقوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملا۔
صرف کھانے ہی نہیں بلکہ پاکستانی ثقافت کی نمائندگی کرنے والے کپڑوں، جیولری اور دیگر روایتی اشیاء کے اسٹالز بھی میلے کی رونق میں اضافہ کرتے رہے۔
پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے اپنے روایتی لباس اور ثقافتی انداز کے ذریعے اپنی شناخت کو اجاگر کیا، جبکہ بچوں اور نوجوانوں سمیت ہر عمر کے افراد نے میلے میں بھرپور شرکت کی۔
میلے کی خاص بات شاندار میوزیکل پروگرام تھا، جہاں پاکستانی گلوکاروں نے معروف پاکستانی اور علاقائی گیت پیش کیے۔
یورپ میں مقبول گلوکارہ ہلینا بَبلی سمیت متعدد گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا اور مختلف گیت پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔
گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا تو شرکاء بھی جھومنے پر مجبور ہوگئے۔ موسیقی، روشنیوں اور پاکستانی ثقافت کے رنگوں نے میلے کی فضا کو مزید یادگار بنا دیا۔
میلے میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک اس نوعیت کی تقریبات نہ صرف پاکستانی ثقافت کو زندہ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں بلکہ نئی نسل کو بھی اپنے وطن کی ثقافت، روایات اور موسیقی سے جوڑتی ہیں۔
سویڈن میں مقیم پاکستانیوں کے لیے یہ میلہ اپنے وطن سے محبت اور اپنی ثقافتی شناخت کے اظہار کا بھی ایک خوبصورت ذریعہ ثابت ہوا۔
میلے کے کامیاب انعقاد میں منتظمین اور کمیٹی اراکین نے بھی اہم کردار ادا کیا۔
منتظمین میں چوہدری رحمت علی، آصف بھٹ، چوہدری ظفر علی، ارشد خان ملتانی اور مقصود منہاس سمیت دیگر کمیٹی اراکین شامل تھے، جنہوں نے میلے کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور محنت کی۔
تقریب کے اختتام پر میلے کے انتظامات اور کامیاب انعقاد میں کردار ادا کرنے والے کمیٹی اراکین کو خصوصی طور پر شیلڈز پیش کی گئیں۔
چوہدری رحمت علی، آصف بھٹ، مقصود منہاس اور چوہدری ظفر علی کی جانب سے کمیٹی اراکین کو شیلڈز پیش کی گئیں، جبکہ منتظمین کی کاوشوں کو شرکاء کی جانب سے بھی سراہا گیا
سویڈن میں منعقد ہونے والے اس شاندار میلے میں تقریباً 15 سے 20 ہزار افراد نے شرکت کی۔
پاکستانی کھانوں، روایتی ملبوسات، زیورات، موسیقی اور ثقافتی سرگرمیوں سے سجے اس میلے نے ثابت کردیا کہ پاکستانی جہاں کہیں بھی آباد ہوں، اپنی ثقافت، روایات اور وطن سے محبت کو ہمیشہ اپنے ساتھ رکھتے ہیں۔
سویڈن میں پاکستانی ثقافت کے رنگ بکھیرنے والا یہ میلہ نہ صرف شرکاء کے لیے بھرپور تفریح کا ذریعہ بنا بلکہ پاکستانی کمیونٹی کی ثقافتی شناخت کو بھی اجاگر کرگیا۔







