سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز، پاکستانی اسکواڈ میں بڑی تبدیلیوں کا امکان

0

اسلام آباد: سری لنکا کے خلاف آئندہ تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کے اسکواڈ میں اہم تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تازہ رپورٹس کے مطابق ایشین گیمز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنے والے صاحبزادہ فرحان کو سری لنکا کے خلاف سیریز میں بھی کپتان برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق کپتان بابر اعظم، آل راؤنڈر شاداب خان، فاسٹ بولر نسیم شاہ اور جارح مزاج بلے باز فخر زمان کی قومی اسکواڈ میں واپسی متوقع ہے۔

دوسری جانب احمد دانیال، سعد مسعود، حیدر علی اور محمد وسیم جونیئر کو ممکنہ طور پر اسکواڈ سے باہر کیا جا سکتا ہے۔ تاہم حتمی ٹیم کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کیا جانا باقی ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ان تینوں میچز کی تاریخوں اور مقام کی تصدیق کی ہے۔

سری لنکا کی ٹیم 4 اکتوبر کو پاکستان پہنچ چکی ہے جبکہ سری لنکا کرکٹ نے سیریز کے لیے 15 رکنی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کر رکھا ہے، جس کی قیادت کُسل مینڈس کریں گے۔

قومی اسکواڈ کے ارکان کے اسلام آباد میں رپورٹ کرنے کا امکان ہے، جس کے بعد سری لنکا کے خلاف سیریز کی تیاریوں کا آغاز ہوگا۔

تین ٹی ٹوئنٹی میچز کے بعد پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز بھی 18 سے 31 اکتوبر تک کھیلی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں