حارث رؤف بگ بیش لیگ 16 کے لیے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کا حصہ بن گئے

0

پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے 16ویں ایڈیشن کے لیے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے، جہاں وہ انگلینڈ کے معروف آل راؤنڈر بین اسٹوکس سمیت دیگر عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلیں گے۔

32 سالہ حارث رؤف اس سے قبل پانچ سیزنز تک میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ انہوں نے 33 میچز میں 16.48 کی اوسط سے 56 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ایک ہیٹ ٹرک بھی اپنے نام کی۔

گزشتہ سیزن میں حارث رؤف نے 20 وکٹیں حاصل کیں اور وہ بگ بیش لیگ کی تاریخ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دسویں بولر بنے تھے۔

ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے ہیڈ کوچ ٹم پین نے حارث رؤف کو میچ ونر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ اور دنیا بھر کی فرنچائز لیگز میں اعلیٰ سطح پر کارکردگی دکھا چکے ہیں۔ ان کے مطابق حارث دنیا کے تیز ترین بولرز میں شامل ہیں اور کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

حارث رؤف نے نئی ٹیم میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایڈیلیڈ اوول دنیا کے بہترین کرکٹ گراؤنڈز میں سے ایک ہے اور انہیں وہاں کھیلنا ہمیشہ اچھا لگا ہے۔ انہوں نے بین اسٹوکس، میٹ شارٹ اور مارک چیپمین جیسے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے لیے بھی جوش کا اظہار کیا۔

بگ بیش لیگ 16 کا افتتاحی میچ 16 دسمبر کو کینبرا میں سڈنی تھنڈر اور ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں