ابوظہبی:نگلا دیش کے فاسٹ بولر حسن محمود نے ٹیسٹ کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کردی۔ انہوں نے افغانستان کے خلاف ابوظہبی میں کھیلے جانے والے واحد ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز ہیٹ ٹرک مکمل کرکے بنگلا دیش کے پہلے فاسٹ بولر ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا، جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں یہ کارنامہ انجام دیا۔
تفصیلات کے مطابق 26 سالہ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر حسن محمود نے افغانستان کی پہلی اننگز کے 83ویں اوور میں عصمت عالم کو بولڈ کیا۔ اگلی گیند پر انہوں نے نئے آنے والے بیٹر قیس احمد کو وکٹ کیپر لٹن داس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔
اوور کی پانچویں گیند پر حسن محمود نے ضیاء الرحمٰن کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی، تاہم امپائر نے انہیں ناٹ آؤٹ قرار دیا۔ بنگلا دیش کی جانب سے ریویو لینے کے بعد ہاک آئی ٹیکنالوجی نے دکھایا کہ گیند آف اسٹمپ سے ٹکرا رہی تھی، جس پر امپائر کو اپنا فیصلہ تبدیل کرنا پڑا اور حسن محمود کی تاریخی ہیٹ ٹرک مکمل ہوگئی۔
حسن محمود بنگلا دیش کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے مجموعی طور پر تیسرے بولر بھی بن گئے ہیں۔ ان سے قبل آلوک کپالی نے 2003 میں پشاور میں پاکستان کے خلاف جبکہ سوہاغ غازی نے 2013 میں چٹاگانگ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہیٹ ٹرک کی تھی۔
افغانستان کے خلاف میچ میں حسن محمود نے مجموعی طور پر 55 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلا دیش نے افغانستان کی پہلی اننگز 240 رنز پر سمیٹ کر 106 رنز کی برتری حاصل کی۔
حسن محمود نے اس میچ میں ایک اور اہم سنگ میل بھی عبور کیا۔ وہ گیندوں کی تعداد کے اعتبار سے ٹیسٹ کرکٹ میں 50 وکٹیں حاصل کرنے والے تیز ترین بنگلا دیشی بولر بن گئے۔ انہوں نے 2424 گیندوں پر یہ اعزاز حاصل کیا، جبکہ اس سے قبل یہ ریکارڈ شہادت حسین کے پاس تھا، جنہوں نے 2991 گیندوں پر 50 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کی تھیں۔
میچوں کی تعداد کے اعتبار سے بھی حسن محمود نے بنگلا دیش کے فاسٹ بولرز میں تیزی سے 50 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔
حسن محمود کی اس تاریخی کارکردگی نے انہیں بنگلا دیشی کرکٹ میں نمایاں مقام دلا دیا ہے، جبکہ ان کی ہیٹ ٹرک اور ریکارڈ ساز بولنگ شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔







