ایف بی آر نے سیلز ٹیکس انوائس میں 72 گھنٹے بعد ترمیم اور منسوخی کی سہولت متعارف کرا دی

0

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے آئی آر آئی ایس سسٹم میں نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب 72 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی الیکٹرانک سیلز ٹیکس انوائس میں ترمیم یا اسے منسوخ کیا جا سکے گا۔

ایف بی آر کے مطابق انوائس میں ترمیم یا منسوخی کے لیے متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کی پیشگی منظوری ضروری ہوگی۔ ٹیکس دہندگان آئی آر آئی ایس پورٹل کے ذریعے درخواست جمع کرا سکیں گے۔

انوائس کی درستگی یا منسوخی کے لیے ضروری دستاویزات پی ڈی ایف فارمیٹ میں درخواست کے ساتھ منسلک کی جا سکیں گی۔ تاہم ایک ہی درخواست میں منتخب انوائسز پر ترمیم اور منسوخی کی الگ الگ کارروائی نہیں کی جا سکے گی۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ درخواست پر فیصلہ ہونے تک ٹیکس دہندہ سیلز ٹیکس ریٹرن کا اینکسچر سی جمع نہیں کرا سکے گا۔ کمشنر کی منظوری کے بعد ترمیم شدہ انوائسز اینکسچر سی میں شامل ہوں گی، جبکہ درخواست مسترد ہونے کی صورت میں اصل انوائسز شامل کی جائیں گی۔

نئی سہولت کا اطلاق ان انوائسز پر نہیں ہوگا جو پہلے ہی سیلز ٹیکس ریٹرن کے اینکسچر سی میں شامل کی جا چکی ہیں۔ اسی طرح مسترد شدہ یا زیرالتوا درخواستوں میں شامل انوائسز دوبارہ نئی درخواست میں شامل نہیں کی جا سکیں گی۔

ایف بی آر کے ذیلی ادارے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (پرال) نے نئی سہولت کے استعمال کے لیے صارف رہنما کتابچہ بھی جاری کر دیا ہے تاکہ ٹیکس دہندگان آسانی سے درخواست جمع کرا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں