پاکستان ایئرفورس کے خوف کا شکار بھارتی رافیل طیارے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر واپس فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق 29 اور 30 اپریل کی شب بھارتی ائیر فورس کے 4 رافیل طیاروں نے بھارتی جغرافیائی حدود میں رہتے ہوئے مقبوضہ جموں کشمیر میں پیٹرولنگ کی۔
اس موقع پر پاکستان ائیر فورس کے طیاروں نے ہندوستانی ائیر فورس کے ان جنگی جہازوں کی فوراً نشان دہی کر لی۔ جس کے بعد پاکستانی ائیر فورس کی بروقت اور مستعد کارروائی پرانڈین رافیل طیارے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر راہ فرار اختیار کر گئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی افواج ہندوستان کی طرف سے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار اور مستعد ہیں۔
بھارتی جنگی جنون کا دندان شکن جواب
پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارت پر سوار جنگی جنون کا پاکستانی مسلح افواج اور عوام کی جانب سے دندان شکن جواب دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول مقبوضہ کشمیر کے اطراف میں بھارتی فوج کی غیر معمولی نقل و حرکت کی جا رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول سے متصل تمام سرحدی گاؤں خالی کروا لیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں مودی سرکار کی جانب سے پہلگام فالس فلیگ کو بنیاد بنا کر کشمیری مسلمانوں کیخلاف بڑے پیمانےپر کریک ڈاؤن بھی جاری ہے۔ اس دوران مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی زندگی کو مودی اور بھارتی فوج نے اجیرن بنا دیا ہے۔ مودی سرکار پراس وقت جنگی جنون سوار ہے جو خطے کا امن تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے۔
مستند انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق جنگی جنون میں مبتلا بھارت، پاکستان کےخلاف کسی بھی وقت فوجی کارروائی کرسکتا ہے جب کہ بھارت کی کسی مہم جوئی کا یقینی اور سخت جواب دینے کے لیے مسلح افواج مکمل تیار ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی عوام مسلح افواج کے شانہ بشانہ بھارت کو دندان شکن جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ پاکستانی قوم مسلح افواج کے ساتھ مل کر اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہرقیمت پر دفاع کرے گی۔
دفاعِ وطن کیلیے قوم اور افواج پاکستان تیار
سیاچن سے لے بحیرہ عرب کے پانیوں تک پاکستان کی مسلح افواج دفاع وطن کے لیے مکمل تیار ہیں۔ کسی بھی بھارتی جارحیت کی صورت میں دشمن کو دندان شکن جواب دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق دشمن کی کسی بھی مذموم کارروائی سے نمٹنے کے لیے افواج پاکستان مکمل تیار ہیں۔ بھارت نے پاکستان کی علاقائی سالمیت کو چیلنج کیا تو بھارت کو اُسی کی زبان میں جواب دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہمارے جدید جنگی ساز و سامان جس میں جہاز، ٹینک اور گرجتی آرٹلری شامل ہے، دشمن کو خاموش کرانے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔ پاکستانی مسلح افواج چھوٹے بڑے تمام جدید جنگی ہتھیاروں کے ساتھ مکمل تیار ہیں۔
دریں اثنا دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ جب بات مادر وطن کے دفاع کی ہو تو پاکستانی قوم اور مسلح افواج دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں۔