ناروے میں پاکستانی سفیر عاصم علی خان کی جانب سے حنا ربانی کھر کے اعزاز میں استقبالیہ، پاک ناروے تعلقات کے فروغ پر تبادلۂ خیال

0

پاکستان کے سفیر عاصم علی خان نے اوسلو میں پاکستان ہاؤس میں پاکستان کی سابق وزیر خارجہ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امورِ خارجہ کی چیئرپرسن حنا ربانی کھر کے اعزاز میں ایک پروقار استقبالیے کا اہتمام کیا، جس میں ناروے کی پارلیمنٹ کے ارکان، سفارتی شخصیات اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

تقریب میں ناروے کی پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امورِ خارجہ و دفاع کے چیئرمین پیٹر فرولِچ، کمیٹی کے معزز ارکان، پاکستان ناروے فرینڈشپ گروپ کے چیئرمین فرخ قریشی، ڈپٹی چیئرپرسن ٹرین لیزے سنڈنس، رکن پارلیمنٹ ہمانشو گلاتی، سابق ارکان پارلیمنٹ خالد محمود اور لارس رائز سمیت دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔

استقبالیے کے دوران پاکستان اور ناروے کے دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تعمیری تبادلۂ خیال کیا گیا۔ شرکا نے موجودہ علاقائی اور عالمی چیلنجز کے تناظر میں کشیدگی میں کمی، مذاکرات کے فروغ اور تنازعات کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں ممالک کی پارلیمانی قائمہ کمیٹیوں کے چیئرپرسنز نے باہمی دلچسپی کے امور پر خیالات کا تبادلہ کرتے ہوئے پاکستان اور ناروے کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر مسلسل مکالمے، باہمی افہام و تفہیم اور پارلیمانی روابط میں اضافے کو دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا گیا۔

یہ سفارتی تقریب پاکستان اور ناروے کے درمیان دوستی، تعاون اور پارلیمانی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کی عکاس تھی، جس میں عالمی امن، استحکام اور تعمیری سفارتی کردار کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں