ناروے میں اسلام آباد راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام مصنوعی ذہانت اور جدید صحت ٹیکنالوجی پر تربیتی پروگرام

0

اوسلو، ناروے: اسلام آباد راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی ناروے (IRWS) اور انٹرنیشنل ہیلتھ اینڈ سوشل گروپ (IHSG) کے باہمی اشتراک سے 20 نومبر کو اوسلو کے علاقے ہولملیا میں مصنوعی ذہانت (AI) اور صحت کی جدید ٹیکنالوجی کے موضوع پر ایک خصوصی تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔

پروگرام کی صدارت اسلام آباد راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی ناروے کے صدر ڈاکٹر راجہ خرم اقبال نے کی۔ اس موقع پر سوسائٹی کے ممبران، خواتین، نوجوانوں اور پاکستانی کمیونٹی کے دیگر افراد نے بھرپور شرکت کی۔

تربیتی کورس کے دوران شرکاء کو مصنوعی ذہانت کے بنیادی تصورات، روزمرہ زندگی میں اس کے عملی استعمال، فوائد، ممکنہ نقصانات اور اخلاقی پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ صحت کے شعبے میں جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال اور اس کی اہمیت پر بھی مفید معلومات فراہم کی گئیں۔

اس پروگرام کا بنیادی مقصد ناروے میں مقیم تارکین وطن کو جدید ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور انہیں مصنوعی ذہانت اور صحت کی جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال کے قابل بنانا تھا۔

اسلام آباد راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی ناروے نے پروگرام میں شرکت کرنے والے تمام افراد، منتظمین، رضاکاروں اور تعاون کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کیا، جن کی مشترکہ کوششوں سے یہ تربیتی پروگرام کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں