لاہور: سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے۔ پاکستان کی جانب سے بھارتی سکھ یاتریوں کے لیے 3 ہزار 19 ویزے جاری کیے گئے، جبکہ 2 ہزار 339 یاتری پاکستان پہنچے ہیں۔ جنم دن کی مرکزی تقریب 24 نومبر کو ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی۔
واہگہ بارڈر پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان، صوبائی وزیر اقلیتی امور اور چیئرمین پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ سمیت دیگر حکام نے بھارتی سکھ یاتریوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سری اکال تخت صاحب کے جتھے دار گیانی گلدیپ سنگھ گڑگج، شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے نمائندے اور دیگر سکھ رہنما بھی موجود تھے۔
حکام کی جانب سے واہگہ بارڈر پر یاتریوں کے لیے کھانے، طبی امداد اور دیگر ضروری سہولیات کا انتظام کیا گیا۔ یاتریوں کو خصوصی بسوں کے ذریعے ننکانہ صاحب روانہ کرنے کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ بھارت کی سکھ سنگت نے ساڑھے سات ہزار یاتریوں کے پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کی تھی، تاہم بھارتی حکومت کی جانب سے تقریباً تین ہزار افراد کو اجازت دی گئی۔ ان کے مطابق پاکستان نے درخواست دینے والے تمام بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کیے ہیں۔
سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان اور سکھ برادری کے درمیان تاریخی، مذہبی اور روحانی تعلقات ہیں۔ بابا گورونانک دیو جی کی جنم بھومی ننکانہ صاحب میں واقع ہے، جو دنیا بھر کے سکھوں کے لیے انتہائی مقدس مقام کی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کرتارپور راہداری کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت سے مطالبہ کیا کہ راہداری دوبارہ کھولی جائے تاکہ سکھ یاتری اپنے مقدس مذہبی مقامات کی زیارت کرسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 2019 میں کرتارپور راہداری کھول کر روزانہ پانچ ہزار یاتریوں کی آمد کی گنجائش فراہم کی تھی، تاہم گزشتہ ڈیڑھ سال سے راہداری بند ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان میں سکھ برادری کو مذہبی آزادی اور اپنی شناخت کے ساتھ زندگی گزارنے کے مواقع حاصل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت 50 تاریخی گوردواروں کی بحالی کے منصوبے پر کام کر رہی ہے، جبکہ پاکستان میں سکھ میرج ایکٹ بھی موجود ہے۔
چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان نے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کے لیے تمام متعلقہ مقامات پر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ یاتریوں کو رہائش، خوراک، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
سری اکال تخت صاحب کے جتھے دار گیانی گلدیپ سنگھ گڑگج نے واہگہ بارڈر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکھ مذہب ہمیشہ امن، محبت، بھائی چارے اور انسانیت کے احترام کا درس دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام انسان ایک ہی نور سے پیدا ہوئے ہیں، اس لیے کسی کو دوسرے سے بڑا یا چھوٹا نہیں سمجھنا چاہیے۔
گیانی گلدیپ سنگھ گڑگج نے خطے میں امن کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے تمام مذاہب کے ماننے والوں سے ایک دوسرے کے عقائد اور جذبات کا احترام کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے بھی کرتارپور راہداری دوبارہ کھولنے پر زور دیا تاکہ سکھ یاتری اپنے مقدس مقام کی زیارت کرسکیں۔
انہوں نے پاکستان سے اپنے خاندانی اور تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے آبائی گاؤں جبووال کے قریب جاتی عمرہ واقع ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ساتھ اپنے خاندانی تعلق کا بھی ذکر کیا۔
متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکریٹری شرائنز ناصر مشتاق نے بتایا کہ سکھ یاتریوں کی آمد سے قبل گزشتہ تین ماہ سے انتظامات کیے جا رہے تھے تاکہ مہمانوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان کے مطابق بھارت کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک سے بھی بڑی تعداد میں سکھ یاتری پاکستان پہنچ رہے ہیں۔
حکام کے مطابق 23 نومبر کو یاتری ننکانہ صاحب میں قیام کریں گے، جبکہ 24 نومبر کو نگر کیرتن اور اکھنڈ پاٹھ صاحب کی بھوگ سمیت مرکزی مذہبی تقریبات منعقد ہوں گی۔ 25 نومبر کو یاتری گوردوارہ پنجہ صاحب، کرتارپور صاحب اور لاہور میں گوردوارہ ڈیرہ صاحب کی زیارت کریں گے۔
تقریبات کے سلسلے میں 29 نومبر کو الحمرا لاہور میں بابا گورونانک دیو جی کی تعلیمات کے حوالے سے خصوصی سمپوزیم منعقد کیا جائے گا، جبکہ 30 نومبر کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے سکھ یاتریوں کے اعزاز میں ثقافتی اور صوفی نائٹ کا اہتمام کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے گوردواروں میں رہائش، لنگر، طبی سہولیات، بینکنگ، کرنسی ایکسچینج اور ٹرانسپورٹ کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ یاتریوں کی حفاظت کے لیے تین ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
متروکہ وقف املاک بورڈ، پنجاب حکومت اور دیگر متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ مذہبی تقریبات پُرامن ماحول میں منعقد ہوسکیں۔
بابا گورونانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں مذہبی رسومات کے ساتھ ثقافتی سرگرمیاں بھی شامل ہیں، جن میں پاکستان، بھارت اور دنیا کے مختلف ممالک سے آنے والی سکھ سنگت شرکت کرے گی۔







