اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نئے سال کے آغاز پر ملک میں نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ حل ہونے کی توقع ہے اور یہ معاملہ مزید زیادہ عرصے تک زیر التوا نہیں رہے گا۔ ان کے مطابق اس حوالے سے گزشتہ چار سے پانچ ماہ سے مختلف سیاسی اور متعلقہ حلقوں کے ساتھ رابطوں اور مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے جلد ایسا قابل قبول لائحہ عمل سامنے آنے کی امید ہے جس پر تمام شراکت دار متفق ہوسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ نئے سال کے آغاز میں ریفرنڈم بھی ہوسکتا ہے، تاہم فی الحال اس کے لیے کوئی حتمی ٹائم فریم نہیں دیا جاسکتا۔
وزیر دفاع کے مطابق نئے صوبوں کے قیام سے متعلق مختلف تجاویز زیر غور ہیں اور کوشش کی جارہی ہے کہ تمام متعلقہ فریقوں کو اعتماد میں لے کر اتفاق رائے سے فیصلہ کیا جائے۔ جن معاملات پر اختلافات سامنے آئیں گے، انہیں مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں تیار ہونے والی دستاویز تمام شراکت داروں کے ساتھ شیئر کی جائے گی تاکہ ہر فریق اپنی تجاویز اور مؤقف پیش کرسکے۔
ریفرنڈم کے حوالے سے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم غیرقانونی نہیں اور آئین میں اس کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کا قیام آئینی طریقہ کار کے مطابق عمل میں لایا جائے گا، جس کے لیے ضروری آئینی ترامیم پر کام کیا جائے گا۔
خواجہ آصف کے مطابق پہلے انتظامی یونٹس قائم کیے جائیں گے جبکہ نئے صوبوں کی تشکیل کا مرحلہ بعد میں آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ تمام معاملات آئینی تقاضوں اور باہمی مشاورت کے تحت آگے بڑھائے جائیں۔







