پاکستان اور فن لینڈ کے تجارتی تعلقات میں نئی پیش رفت، 75 سال میں پہلی بار وزارتی سطح پر کاروباری وفد کا دورہ

0

اسلام آباد: (شاہرخ سہیل سینیئر ایڈیٹر)پاکستان اور فن لینڈ کے درمیان تجارتی و کاروباری تعلقات کے فروغ کے لیے 75 سال میں پہلی بار فن لینڈ کا وزارتی سطح کا کاروباری وفد فن لینڈ پاکستان بزنس سوسائٹی (FPBS) کے زیرِ اہتمام پاکستان کے دورے پر ہے۔ وفد کی قیادت فن لینڈ کی وزارتِ خارجہ کے ڈپٹی منسٹر برائے بین الاقوامی تجارت اور مستقل انڈر اسٹیٹ سیکرٹری جارنو سرجالا (Jarno Syrjälä) کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں 16 نومبر کو منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جارنو سرجالا نے پاکستان اور فن لینڈ کے دوطرفہ تعلقات کی اہمیت اور کاروباری تعاون کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مستقبل میں ایسی مزید تقریبات کے انعقاد اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافے کی امید ظاہر کی۔

تقریب میں فن لینڈ کی وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام سمیت 11 ملٹی نیشنل کمپنیوں نے شرکت کی، جن میں وارٹسیلا (Wärtsilä)، ایلیمیٹک (Elematic) اور میٹسو (Metso) نمایاں تھیں۔ ان میں سے متعدد کمپنیاں پہلے ہی پاکستان میں کاروبار کر رہی ہیں، جبکہ بعض نئی کمپنیاں مقامی شراکت داروں کے ساتھ کاروبار شروع کرنے کی خواہشمند ہیں۔

فن لینڈ کے کاروباری نمائندوں نے پاکستان میں کاروباری مواقع میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آمد کے بعد ملک کے بارے میں ان کا سابقہ تاثر بھی مثبت انداز میں تبدیل ہوا ہے۔

تقریب میں پاکستان کی 20 سے زائد کمپنیوں نے بھی شرکت کی اور فن لینڈ کی جدید ٹیکنالوجی، مصنوعات اور تعلیمی نظام میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

اس موقع پر فن لینڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے معروف بزنس مین شاہد امین نے بھی خصوصی شرکت کی، جو ہیوی موٹر سائیکلوں کے لیے اعلیٰ معیار کے لباس کی تیاری کے باعث متعدد یورپی ممالک میں اپنی منفرد پہچان رکھتے ہیں۔

شاہد امین نے فن لینڈ کی اہم شخصیات اور دیگر شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اور فن لینڈ کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی و کاروباری روابط مستقبل میں دونوں ممالک کے لیے مثبت اور دور رس نتائج مرتب کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں