پاکستانی نژاد ڈاکٹر عثمان مشتاق اوسلو کی شہری حکومت کی سربراہی کے مضبوط امیدوار بن گئے

0

اوسلو : پاکستانی نژاد نارویجین سیاست دان ڈاکٹر عثمان احمد مشتاق 2027 کے بلدیاتی انتخابات میں ناروے کے دارالحکومت اوسلو کی شہری حکومت کی سربراہی کے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ ناروے کی لیبر پارٹی (آربائیدر پارٹی) کی نامزدگی کمیٹی انہیں اس اہم عہدے کے لیے امیدوار بنانا چاہتی ہے۔

جمعہ 13 نومبر کو پارٹی کے یوتھ ونگ (اے یو ایف) نے بھی ڈاکٹر عثمان مشتاق کی حمایت کا اعلان کیا، جس کے بعد ان کی حریف مارتے شارنگ لونڈ انتخابی دوڑ سے دستبردار ہو گئیں۔ اس پیش رفت سے عثمان مشتاق کی نامزدگی کے امکانات مزید روشن ہو گئے ہیں۔

ڈاکٹر عثمان مشتاق کے والدین 1970 کی دہائی میں پاکستان سے ناروے منتقل ہوئے تھے۔ ناروے میں پیدا ہونے والے عثمان مشتاق نے طب اور معاشیات کی تعلیم حاصل کی اور بعد ازاں سیاست میں قدم رکھا۔

وہ 2023 میں اوسلو کی شہری حکومت میں روزگار، سماجی انضمام اور سماجی خدمات کے شعبوں کے ذمہ دار رہ چکے ہیں۔ اس وقت وہ ناروے کی وزارتِ صحت میں ریاستی سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

پارٹی کی جانب سے امیدوار کے باضابطہ انتخاب کے لیے 22 نومبر کو نامزدگی اجلاس منعقد ہوگا، جس میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

اگر ڈاکٹر عثمان مشتاق 2027 کے بلدیاتی انتخابات کے بعد اوسلو کی شہری حکومت کی سربراہی سنبھالنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ اس عہدے پر پہنچنے والے تارکینِ وطن پس منظر کے پہلے سیاست دان ہوں گے۔

پاکستانی تارکینِ وطن کی دوسری نسل سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر عثمان مشتاق کا سیاسی سفر ناروے میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑھتی ہوئی سیاسی نمائندگی اور معاشرتی شمولیت کی ایک اہم مثال ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں