ٹیسٹ ڈیبیو پر 7 وکٹیں لینے والے ثاقب خان نے کامیابی کا راز بتا دیا، تہجد پڑھ کر اللہ سے دعا کی تھی

0

راولپنڈی: پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر ثاقب خان نے سری لنکا کے خلاف اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد اپنی کامیابی کا راز بتا دیا۔

راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ثاقب خان نے کہا کہ وہ میچ سے قبل تہجد پڑھ کر آئے تھے اور اللہ تعالیٰ سے وکٹیں حاصل کرنے کی دعا کی تھی۔ انہوں نے اپنی شاندار کارکردگی کو اللہ تعالیٰ کی مدد اور دعاؤں کا نتیجہ قرار دیا۔

نوجوان فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹیں حاصل کرنا ان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے اور وہ اس کامیابی پر بے حد خوش ہیں۔

ثاقب خان نے اپنے پسندیدہ فاسٹ بولرز کے حوالے سے بتایا کہ جنوبی افریقا کے سابق فاسٹ بولر ڈیل اسٹین اور انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن ان کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں، جن کی بولنگ انہیں متاثر کرتی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ میں تاخیر سے موقع ملنے کے سوال پر ثاقب خان نے کہا کہ اگرچہ انہیں قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں وقت لگا، لیکن وہ اس حوالے سے مطمئن ہیں کیونکہ ان کے نزدیک دیر آید، درست آید۔

واضح رہے کہ ثاقب خان نے سری لنکا کے خلاف پہلی اننگز میں 130 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیسٹ ڈیبیو کی ایک اننگز میں 7 وکٹیں لینے والے پاکستان کے چوتھے بولر بن گئے۔

اس سے قبل پاکستان کی جانب سے محمد زاہد، محمد نذیر اور ابرار احمد ٹیسٹ ڈیبیو کی ایک اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔

ثاقب خان کی اس شاندار کارکردگی نے ان کے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کے آغاز کو یادگار بنا دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں