انڈر 19 ایشیا کپ: بھارت افغانستان کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا، پاکستان سے مقابلہ ہفتے کو ہوگا

0

عمان میں جاری انڈر 19 ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، جہاں اس کا مقابلہ روایتی حریف پاکستان سے ہوگا۔

افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے۔ بھارتی ٹیم نے 228 رنز کا ہدف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنالی۔

دوسری جانب پاکستان نے پہلے سیمی فائنل میں بنگلا دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ دونوں ٹیموں کی شاندار کارکردگی کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک اور دلچسپ مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

ٹورنامنٹ کا فائنل ہفتہ 14 نومبر کو کھیلا جائے گا، جس میں پاکستان اور بھارت کی انڈر 19 ٹیمیں ایشیائی چیمپئن بننے کے لیے آمنے سامنے ہوں گی۔

یاد رہے کہ گروپ مرحلے میں پاکستان نے حمزہ یوسف کی شاندار سنچری کی بدولت بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی تھی۔ اب بھارتی ٹیم کو فائنل میں پاکستان کے خلاف ایک اور موقع ملے گا، جبکہ پاکستان گروپ مرحلے کی کامیابی کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں