اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وفاقی آئینی عدالت کی جانب سے 5 نومبر کو پشاور ہائی کورٹ میں بعض آئینی درخواستوں پر کارروائی روکنے کے فیصلے سے کئی پیچیدگیاں پیدا ہو گئی ہیں، جس سے سیاسی شخصیات کے ساتھ عام شہری بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق پشاور ہائی کورٹ نے 10 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر پی ٹی آئی کے مقدمات ڈی لسٹ کر دیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت کو انتظامی بنیادوں پر مقدمات کی سماعت منسوخ نہیں کرنی چاہیے تھی۔
انہوں نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کو مقدمات کی سماعت کرکے یہ طے کرنا چاہیے تھا کہ 5 نومبر کے وفاقی آئینی عدالت کے فیصلے کا اطلاق کس حد تک ہوتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ حکم امتناع واپس لینے کے لیے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وفاقی آئینی عدالت نے 5 نومبر کو پشاور ہائی کورٹ کو ایم پی او کے تحت گرفتاریوں سے متعلق مقدمات کی سماعت سے روک دیا تھا۔







