اسلام آباد: تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے میں کنکٹنگ ٹنل کے سیکنڈ بنچ کی کھدائی کے دوران چٹان کا ایک کمزور حصہ گرنے سے پانی ان ٹیک پٹ کے ذریعے ٹنل اور زیر تعمیر پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا۔
واپڈا کے ترجمان کے مطابق واقعے کے فوراً بعد تمام ورکرز کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ ان ٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے جبکہ زیر تعمیر پاور ہاؤس سے بھی پانی نکالنے کا عمل جاری ہے۔ اس وقت زیریں جانب واقع ورک سائٹس پر مزید پانی داخل نہیں ہو رہا۔
ترجمان نے واضح کیا کہ تربیلا ٹنل نمبر 5 منہدم ہونے سے متعلق زیر گردش اطلاعات درست نہیں ہیں۔ منصوبے کی مین ٹنل، زیر تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان بھی نہیں ہوا۔
واپڈا کے سینئر افسران، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹر صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ منصوبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔
تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبہ اگست 2021 میں شروع کیا گیا تھا۔ منصوبے کے تحت 510 میگاواٹ صلاحیت کے تین یونٹس نصب کیے جائیں گے، جن سے مجموعی طور پر 1530 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ منصوبے کی ٹنل سے مئی 2027 تک بجلی کی پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے۔
دستیاب معلومات کے مطابق منصوبے کی ابتدائی منظور شدہ لاگت 82 ارب روپے تھی، تاہم 2025 تک اس پر 128 ارب روپے خرچ ہو چکے تھے جبکہ جنوری 2026 تک ٹنل نمبر 5 پر اخراجات 153 ارب روپے تک پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔







