دنیائے فٹبال کے معروف اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے پرتگال کی قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، جس کے ساتھ ہی ان کے تقریباً 23 سالہ شاندار انٹرنیشنل کیریئر کا اختتام ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے قومی ٹیم سے علیحدگی کا اعلان کیا۔
رونالڈو نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو میں کہا کہ پرتگال کے عوام کے لیے اب وہ وقت آگیا ہے جب وہ قومی ٹیم کی نمبر 7 والی شرٹ واپس کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی اس شرٹ کو صرف اپنی ملکیت نہیں سمجھا، تاہم 23 سال تک اسے پہننا، اس کا دفاع کرنا اور دنیا بھر کے اسٹیڈیمز میں پرتگال کی نمائندگی کرنا ان کے لیے ایک بڑا اعزاز اور ذمہ داری رہی۔
رپورٹس کے مطابق اس سے قبل اکتوبر میں نیشنز لیگ کے دوران ناروے کے خلاف میچ میں نہ کھلائے جانے پر رونالڈو ناراض ہوکر پرتگال کی ٹیم کا کیمپ چھوڑ گئے تھے۔
بعد ازاں رونالڈو نے سوشل میڈیا پر وضاحت کی تھی کہ وہ انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائر نہیں ہورہے اور ٹیم کیمپ چھوڑنے پر خود کو سزا کا مستحق سمجھتے ہیں، تاہم اب انہوں نے باضابطہ طور پر قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو نے صرف 18 سال کی عمر میں پرتگال کی قومی فٹبال ٹیم میں جگہ بنائی تھی اور تقریباً 23 سال تک بین الاقوامی سطح پر اپنے ملک کی نمائندگی کی۔
انہوں نے انڈر 15 سے لے کر سینئر قومی ٹیم تک مجموعی طور پر تقریباً 25 سال پرتگال کی نمائندگی کی اور اپنے کیریئر کے دوران کئی اہم ریکارڈ قائم کیے۔
رونالڈو نے پرتگال کی جانب سے 146 انٹرنیشنل گول اسکور کیے اور مردوں کی بین الاقوامی فٹبال میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔
ان کی ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد عالمی فٹبال میں پرتگال کے ایک تاریخی دور کا اختتام ہوگیا ہے۔







