کراچی میں سائبر فراڈ میں ملوث تقریباً 350 کال سینٹرز کے فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے شارع فیصل پر واقع ایک بڑے کال سینٹر پر چھاپہ مار کر 273 افراد کو گرفتار کرلیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے شہزاد اکبر نے بتایا کہ شہر میں سائبر کرائم کے واقعات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ شارع فیصل کال سینٹرز کا بڑا مرکز بن چکا ہے، جہاں حالیہ کارروائی شہر کی تین بڑی کمپنیوں میں سے ایک کے خلاف کی گئی۔
شہزاد اکبر کے مطابق کارروائی کے دوران تقریباً 100 خواتین اور 42 کم عمر افراد سمیت مجموعی طور پر 273 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ کم عمر افراد سے بھی مبینہ طور پر آن لائن فراڈ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیاں کروائی جارہی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران 339 لیپ ٹاپ، 152 موبائل فونز اور 4 سی پی یو قبضے میں لیے گئے۔ لیپ ٹاپس میں جعلی آن لائن آئی ڈیز، کریڈٹ کارڈز کی معلومات اور ہزاروں غیر ملکی شہریوں کا ڈیٹا موجود تھا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر پرکشش آفرز اور مختلف جھانسوں کے ذریعے شہریوں سے کریڈٹ کارڈز کی تفصیلات حاصل کرکے ان کے بینک اکاؤنٹس سے رقوم نکالتے تھے۔ فراڈ کا نشانہ بننے والوں میں غیر ملکیوں کے علاوہ مقامی شہری اور ریٹائرڈ افراد بھی شامل ہیں۔
شہزاد اکبر نے انکشاف کیا کہ کال سینٹرز کے ذریعے منی لانڈرنگ، حوالہ ہنڈی اور مرچنٹ نیٹ ورکس سے متعلق سرگرمیوں کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں، جن کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں صرف کال سینٹرز کے مالکان کو گرفتار کیا جاتا تھا، لیکن ان کی گرفتاری کے بعد رشتے دار نئے ناموں سے کمپنیاں قائم کرکے دوبارہ غیر قانونی سرگرمیاں شروع کردیتے تھے۔ اسی لیے اب مالکان کے ساتھ ملوث ملازمین کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر نے بتایا کہ شارع فیصل پر واقع مذکورہ کال سینٹر پر پہلے بھی چھاپہ مارا گیا تھا، تاہم بعد میں وہاں دوبارہ مبینہ فراڈ کی سرگرمیاں شروع ہوگئی تھیں۔
شہزاد اکبر کے مطابق حالیہ آپریشن مکمل قانونی تقاضوں کے مطابق کیا گیا اور کارروائی سے قبل اعلیٰ حکام کو اعتماد میں لیا گیا تھا۔ ادارے کا مقصد خواتین اور بچوں کو بلاوجہ پریشان کرنا نہیں بلکہ انہیں جرائم پیشہ سرگرمیوں سے بچانا ہے۔
انہوں نے والدین کو خبردار کیا کہ بچوں کو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے سے روکیں، بصورت دیگر متعلقہ قوانین کے تحت والدین کے خلاف بھی کارروائی کی جاسکتی ہے۔
شہزاد اکبر نے مزید بتایا کہ این سی سی آئی اے نے ڈارک ویب سے متعلق ایک کیس میں متاثرہ بچی کو بازیاب کرایا ہے، جبکہ یونیورسٹیوں میں آن لائن منشیات کی فراہمی کے خلاف کارروائی کے دوران دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آن لائن ملازمتوں کے نام پر فراڈ اور جاز کیش کے ذریعے مبینہ طور پر غیر قانونی رقوم کی منتقلی کے معاملات کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے نے واضح کیا کہ سائبر کرائم اور آن لائن فراڈ میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی ملوث شخص کو مالک یا ملازم ہونے کی بنیاد پر رعایت نہیں دی جائے گی۔







