بدلتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل تربیت اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ناگزیر ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

0

راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بدلتے ہوئے سیکیورٹی خطرات اور نئے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مسلسل تربیت، مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کی ترقی اور آپریشنل تیاریوں پر بھرپور توجہ دینا ضروری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہیڈکوارٹرز اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) تربیلا کا دورہ کیا، جہاں جنرل آفیسر کمانڈنگ ایس ایس جی نے ان کا استقبال کیا۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ایس ایس جی کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو ایس ایس جی کی خصوصی تربیت، آپریشنل تیاریوں، جنگی صلاحیتوں اور مختلف مشنز کی کامیاب تکمیل کے لیے دستیاب وسائل اور استعدادِ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جدید ترین خصوصی آلات کا معائنہ کیا اور ایس ایس جی کے جوانوں کی جانب سے پیش کیے گئے جنگی مہارتوں اور خصوصی آپریشنز کے عملی مظاہرے بھی دیکھے۔

اس موقع پر انہوں نے ایس ایس جی کے افسران اور جوانوں کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، بلند حوصلے، نظم و ضبط اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسپیشل فورسز کو ہر قسم کے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو مسلسل بہتر بنانا ہوگا۔

فیلڈ مارشل نے زور دیا کہ جدید دور کے سیکیورٹی خطرات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں، اس لیے دفاعی شعبے میں مقامی ٹیکنالوجی کی ترقی، جدید تربیت اور آپریشنل تیاریوں کو اولین ترجیح دی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایس جی کو بدلتے ہوئے حالات میں اپنی پیشہ ورانہ برتری برقرار رکھنے اور قومی سلامتی کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے اعلیٰ معیار کی تربیت اور تیاریوں کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں